ٹی وی اینکر مطیع اللہ جان کی توہین عدالت کیس میں معافی مسترد


اسلام آباد: پاکستانی نجی ٹیلی ویژن اینکرز میں سے ایک مطیع اللہ جان نے توہین عدالت کیس میں معافی مانگی تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کا جواب غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔

پیرکو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹیلی ویژن صحافی مطیع اللہ جان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔

اس دوران مطیع اللہ جان نے عدالت میں پیش ہوکر غیر مشروط معافی مانگی تاہم ہائی کورٹ نے مطیع اللہ جان کا جواب غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں 21 فروری تک دوبارہ جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔

کیس کی سماعت کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے کہ مانیں تو سہی کہ غلطی ہوگئی ہے، اگر آپ کا خیال ہے کہ مجھے گولی دے دیں گے تو ایسا نہیں ہوسکتا، یہی حال رہا تو براہ راست ٹاک شوز پر پابندی لگادیں گے۔

جسٹس شوکت عزیز نے کہا کہ کسی سے ذاتی اختلاف نہیں یہاں ادارے کی بات ہے، آپ نے اپنے جواب میں کہا کہ آپ نے حقائق پر مبنی پروگرام کیا ہے تو پھر حلف نامہ کیوں دے رہے ہیں؟

کیس کی سماعت 21 فروری تک ملتوی کردی گئی۔


متعلقہ خبریں