’کچھ بھی کرنے سے پہلے 27 فروری کو یاد رکھا جائے‘

پاکستان یونیسکو ایگزیکٹو بورڈ کا دوبارہ رکن منتخب

اسلام آباد: پاکستان نے کشمیر پر یک طرفہ بھارتی اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران  دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ پاکستان بھارتی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر حال میں کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کو پیغام دیا کہ کچھ بھی کرنے سے پہلے 27 فروری کو یاد رکھا جائے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاوَنی میں تبدیل کردیا ہے اور مقبوضہ وادی میں حریت رہنماوَں کو نظربند کردیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ 6 اگست کوجدہ میں او آئی سی رابطہ گروپ  کا اجلاس ہوا، جس میں مقبوضہ کشمیر کے معاملے کو اجاگر کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک تصفیہ طلب مسٔلہ اور تنازع ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کوئی بھی یکطرفہ اقدام اس بین الاقوامی سطح پر منظور شدہ متنازع علاقے کی حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان  نے کہا کہ پاکستان نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے بھارت کو آگاہ کردیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہرطرف معصوم اور نہتے کشمیریوں کا خون  بہہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا بھارت کے اپنے آئین کی بھی خلاف ورزی ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان  نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد میں متعین اپنا ہائی کمشنر واپس بلائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنا نامزد ہائی کمشنر بھارت نہیں بھیج رہا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کے یکطرفہ اقدامات کو پاکستان مسترد کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کرفیو اور حالیہ قدغن کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں عوام صحت کی بنیادی حقوق سے بھی محروم ہو گئے ہیں اور لوگوں کو اسپتال جانے میں سخت دشواری پیش آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اضافی فوجی نفری تعینات کردی ہے اور مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں بدل ڈالا ہے۔


متعلقہ خبریں