امریکہ میں مجھ پر کوئی کیس نہیں ، اعظم خان سواتی

اعظم سواتی (azam swati)

فوٹو: فائل


وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ ان پر امریکہ میں کوئی کیس نہیں ہے ۔وہ اپنے ملک کی خاطر امریکی شہریت ترک کرکے واپس آئے جہاں اس ملک اور پارلیمان نے انہیں بے حد عزت دی ہے۔ 

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں اعظم خان سواتی نے کہا کہ ایک ٹی وی ٹاک شو کے تجزیہ کار نے ان پرامریکہ میں انشورنس فراڈ کا الزام لگایاہے۔ جھوٹے الزام سے انکی شہرت اور نیک نامی کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ان پر امریکہ میں کسی قسم کا کوئی کیس نہیں ہے۔ اس ملک اور پارلیمنٹ نے مجھے بے پناہ عزت دی ہے میں اپنے ملک کی خاطر امریکی شہریت ترک کرکے واپس آیا تھا۔

اعظم سواتی نے کہا کہ وزیراعظم  عمران خان نے امریکہ کا کامیاب دورہ کیا ہے۔ عمران خان کی صورت میں ہمیں ایک قابل لیڈر ملا ہے۔ ہمیں اپنے ملک اور ملکی اداروں کی تکریم کرنا ہوگی۔

چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق ایک سوال کے جواب میں اعظم خان سواتی نے کہا کہ چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد سینیٹ کے لیے بھی امتحان ہے،ایوان بالا کا ماحول اسمبلی سے بہت مختلف ہے،سینیٹ میں پہلی مرتبہ تحریک عدم اعتماد آئی ہے۔

اعظم خان سواتی نے میڈیا کے توسط سے اپوزیشن کو درخواست کی کہ وہ اپنی تحریک واپس لے لیں۔ انہوں نے کہا کہ صادق خان سنجرانی بطور چیئرمین سینیٹ احسن طریقہ سے ایوان کو چلارہے ہیں،امید ہے سینیٹردونوں امیدوارں کا موازنہ کرکے سنجرانی کو ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی اکثریت سے چیئرمین کے عہدہ پر برقرار رہیں گے ۔ ہم تمام سینیٹرز سے ووٹ کے حصول کے لیے رابطے کررہے ہیں ، امید ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد واضح اکثریت سے ناکام بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: ’چیئرمین سینیٹ کی کرسی پر ہار جیت سے سیاسی منظرنامہ نہیں بدلے گا‘

 


متعلقہ خبریں