اداکارہ میرا کا تکذیب نکاح کیس، 29جولائی کو وکلاء سے دلائل طلب

Meera

لاہور: مقامی عدالت نے اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح کیس میں سائلہ کے وکلاء کو بحث کے لیے مزید مہلت دیتے ہوئے سماعت 29 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔

لاہورکی مقامی عدالت نے میرا کے وکلاء کی درخواست کے بعد حکم دیا کہ 29 جولائی کو وہ اپنے دلائل دیں ۔

اداکارہ میرا نے فیملی کورٹ کے فیصلے کولاہور کی سیشن کورٹ میں  چیلنج کیا ہوا ہے۔ اداکارہ میرا نے درخواست میں موقف اختیار کرر کھا ہے کہ فیملی عدالت نے تکذیب نکاح کیس میں حقائق کے برعکس فیصلہ سنایا۔

میرا کا موقف ہے کہ  وہ عتیق الرحمان کو  نہ جانتی  ہیں اور نہ ہی ان سے شادی کی ہے۔ عتیق الرحمان نے فیملی کورٹ کو گمراہ کیا ہے۔

اداکارہ میرا نے عدالت سے استدعا کر رکھی ہے کہ عتیق الرحمان کی بیوی قرار دینے سے متعلق فیملی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ لاہور کی فیملی کورٹ ادکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دے چکی ہے۔

اس سے قبل لاہور کی کینٹ کچہری عدالت میں 2 مارچ کو میرا کے خلاف نکاح پر نکاح کیس میں فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی۔

اسکینڈل کوئن اداکارہ میرا کے سابق شوہر عتیق الرحمان کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ میرا نے کیپٹن نوید کے ساتھ نکاح پہ نکاح کیا، اس لیے ان کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں نکاح پر نکاح ،اداکارہ میرا کے خلاف فوجداری کارروائی روک دی گئی

اداکارہ میرا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے خلاف نکاح پر نکاح کیس ایڈیشنل اینڈ سیشن جج لاہور عدنان طارق کی عدالت میں زیرسماعت ہے۔ اس لیے اس پر فوجداری کارروائی نہیں ہوسکتی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اداکارہ میرا کے خلاف نکاح پر نکاح کیس میں فوجداری کارروائی تاحکم ثانی روک رکھی ہے۔

اداکارہ میرا کا کیریئر تنازعات سے بھرا پڑا ہے۔ اداکارہ میرا کے ناقدین کا کہنا ہے کہ اداکارہ میرا عدالتوں کے چکر میں اس لیے بھی پڑی رہتی ہیں تاکہ وہ خبروں میں جگہ بنا سکیں۔

میرا نے 1995 میں فلمی کیریئرکا آغاز کیا اور 70 سے زائد اردو، پنجابی، پشتو اورہندی فلموں کے علاوہ ہم ٹی وی کی ڈرامہ سیریل ‘سوچا نہ تھا پیارکریں گے’ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔


متعلقہ خبریں