افغان صدر دورۂ پاکستان مکمل کر کے وطن روانہ


لاہور: افغانستان کے صدر اشرف غنی پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد لاہور ایئرپورٹ سے اپنے وطن روانہ ہو گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایئرپورٹ پر افغان صدر اشرف غنی کو رخصت کیا اورانہیں ان کے دورہ لاہور کی تصویروں کی البم بھی پیش کی ۔

افغان صدر نے اپنے دورے کی تصاویر دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ کی ٹیم نے بہت محنت سے البم تیار کی ہے، یہ میرے لئے یاد گار ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سے خوشگوار یادیں لے کر جا رہا ہوں، مجھے یہاں بہت پذیرائی اور محبت ملی ہے،  شاندار مہمان نوازی پر آپ کا مشکور ہوں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور میں آپ کی میزبانی کرکے دلی خوشی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاک افغان تعلقات میں بہت بہتری آئی ہے۔

اس سے قبل افغان صدر نے دورہ لاہور کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے بھی ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیے: وزیر اعظم عمران خان اور افغان صدر کے درمیان ملاقات

اس موقع پر گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاک افغان دوستی کا نیاباب شروع ہونا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے،کوئی شک نہیں مضبوط پاکستان کیلئے مضبوط افغانستان بھی ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کسی ملک یا قوم نہیں امن اور انسانیت کے دشمن ہیں، وقت آگیا ہے کہ دونوں دہشت گردوں اور ان کے سہولتوں کاروں کا خاتمہ کریں ۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے قربانیوں کی تاریخ رقم کردی ہے۔

افغان صدر اشرف غنی نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور دیگر سے ملاقات انتہائی کامیاب رہی ہے ۔ انشاء اللہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارتی تعلقات بھی فروغ پا رہے ہیں۔

افغان صدراشرف غنی گزشتہ روز پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے، جہاں ان کا استقبال مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کیا۔ اس موقع پر افغان سفیر عاطف مشال اور دفتر خارجہ کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق نور خان ائر بیس پہنچنے پر معزز مہمان کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی ۔

وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاؤس میں استقبالیہ دیا۔ وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر افغان صدرکو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان کے وفاقی وزراء اور دیگر حکام سے تعارف کرایا۔

وزیراعظم عمران خان اور افغان صدرکے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات  بھی ہوئے۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم عمران خان جبکہ افغان وفد کی قیادت افغان صدر اشرف غنی  نے کی۔

وزیر اعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان جاری ملاقات کے اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے سربراہان نے دوستی اور تعاون کا باب کھولنے پر اتفاق کیا اور باہمی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


متعلقہ خبریں