بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کیلئے پلاسٹک ریپنگ  لازمی قرار


اسلام آباد: ایوی ایشن ڈویژن نے ملک کےتمام بڑے ائرپورٹس پر سیکیورٹی کے حوالے سے اہم فیصلہ کیاہے،بیرون ملک جانے والے مسافروں کے سامان کیلئے پلاسٹک ریپنگ  لازمی قراردے دی گئی ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کوبتایا ہے کہ بغیر پلا سٹک ریپنگ کے سفری بیگ لیجا نے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ملک بھر کے تمام ائرپورٹس پر مسافروں کی سامان کی ریپنگ کے حوالے سے مزید مشینیں لگانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ایوی  ایشن ڈویژن کے ذرائع کے مطابق تمام بڑے انٹرنیشنل ائرپورٹس پر ایک سے زائد ریپنگ مشینیں نصب کی جائیں گی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ریپنگ مشینوں کیلئے ٹینڈر جاری کردیئے۔ ٹینڈرپیپرا رول کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے کیا گیاہے کہ مسافروں کے سامان کی ریپنگ سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ مسافروں کے بیگوں میں سے چوری کے واقعات کی روک تھام  میں بھی مدد دے گی۔

اسلام آباد، کراچی ، پشاور ، لاہور اور کوئٹہ ائرپورٹس پر مشینوں کو ایک ماہ کے اندر نصب کیا جائے گا۔ مسافروں کو سامان کی ریپنگ پر عملدرآمد آئندہ ماہ سے شروع ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے:پی آئی اے کے پائلٹس اور فضائی میزبانوں کے خلاف کریک ڈاؤن

ذرائع کے مطابق ایک ماہ کے بعد بغیر ریپنگ کے مسافروں کا سامان جہا ز میں منتقل نہیں ہوسکے گا،مختلف ائرپورٹس پر غیر ملکی سیکیورٹی ایجنسیوں نے بھی دورے کیے تھے اور مسافروں کے بیگ کی ریپنگ کی تجاویز دیں۔


متعلقہ خبریں