شکیب کی سنچری، بنگلہ دیش ویسٹ انڈیز کیخلاف کامیاب


ٹانٹن: کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے 23ویں میچ میں بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو خلافِ توقع سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

ٹانٹن میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگال ٹائیگرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں اس وقت درست ثابت ہوا جب 13 گیندیں کھیلنے کے باوجود بغیر کوئی رن بنائے اسٹار بیٹسمین کرس گیل محمد سیف الدین کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

تاہم اس کے بعد شے ہوپ اور ایون لوئس کے درمیان 116 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس نے ویسٹ انڈیز کی پوزیشن مستحکم کردی۔

ایون لوئس 70 جبکہ شے ہوپ 96 رنز بناکر بالترتیب شکیب الحسن اور مستفیض الرحمان کی گیندوں پر آؤٹ ہوئے۔

ان کے علاوہ جیسن ہولڈر 33 جبکہ شیمرون ہیتمائر 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان اور محمد سیف الدین نے تین، تین جبکہ شکیب الحسن نے دو کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی سلامی بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو 52 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

مزید پڑھیں: رنویر سنگھ کی پاکستانی شائق کو دلاسہ دینے کی ویڈیو وائرل

بنگال ٹائیگرز کی جانب سے تمیم اقبال 48 جبکہ سومیہ سرکار 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

19ویں اوور میں مشفیق الرحیم ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیشی ٹیم کے تین کھلاڑی 133 رنز پر آؤٹ ہوچکے تھے۔

تاہم اس کے بعد لٹن داس اور شکیب الحسن کے درمیان شراکت نے میچ کا نقشہ تبدیل کردیا۔

دونوں بلے بازوں کے درمیان 189 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس نے میچ ویسٹ انڈیز کی گرفت سے باہر کردیا۔

شکیب الحسن 124 جبکہ لٹن داس 94 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔

شاندار سنچری اسکور کرنے پر شکیب الحسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ رواں ورلڈ کپ کے دوران یہ سب سے بڑا ہدف تھا جس کا کامیابی سے تعاقب کیا گیا ہے جبکہ تمام ورلڈ کپ مقابلوں میں اس نمبر دوسرا بنتا ہے۔

2011 میں انگلینڈ کی ٹیم کے خلاف آئر لینڈ نے 327 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔


متعلقہ خبریں