ورلڈ کپ اسکواڈ، محمد عامر اور آصف علی کی شمولیت کا فیصلہ

ورلڈ کپ اسکواڈ، محمد عامر اور آصف علی کی شمولیت کا فیصلہ

فوٹو: فائل


لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین آصف علی اور فاسٹ باؤلر محمد عامر کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد اور چیف سلیکٹر انضام الحق نے ورلڈ کپ کے اسکواڈ کے لیے اپنی مشاورت مکمل کر لی جس میں آصف علی اور محمد عامر کو بھی اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مشاورت کے دوران دونوں کھلاڑیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اسکواڈ میں شامل فہیم اشرف اور عابد علی کی جگہ دونوں کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر کو چیچک کے باعث دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا، تاہم ان کی تیزی سے صحت یابی کے باعث اسکواڈ میں شمولیت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ سیریز میں باؤلرز کی خراب کارکردگی کی وجہ سے محمد عامر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے شیڈول کا اعلان

گزشتہ روز شاداب خان نے بھی تندرستی کے بعد ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم 31 مئی سے اپنے سفر کا آغاز کرے گی اور اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جب کہ تین جون کو گرین شرٹس کا مقابلہ میزبان انگلینڈ سے، 7 جون کو سری لنکا سے اور 12 جون کو آسٹریلیا سے ہوگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کا روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا 16 جون کو اولڈ ٹریفورڈ میں ہوگا۔

شاہین 23 جون کو جنوبی افریقا، 26 جون کو نیوزی لینڈ، 29 جون کو افغانستان اور 5 جولائی کو بنگلہ دیش سے مقابلہ کریں گے۔

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے فائنل مقابلے کا میدان 14 جولائی کو لارڈز میں سجے گا۔

30 مئی سے 14 جولائی 2019 تک ہونےوالا ٹورنامنٹ 1992 ورلڈ کپ کی طرح راؤنڈ رابن اور ناک آؤٹ فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں