بھارت: لوک سبھا کے انتخابات کا چوتھا مرحلہ مکمل

بھارت: لوک سبھا کے انتخابات کا چوتھا مرحلہ مکمل

نئی دہلی:بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے کی پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔ مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا۔

الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق لوک سبھا کے ہونے والے انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 9 ریاستوں کی 72 نشستوں پر ہونے والے انتخاب میں ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

چوتھے مرحلے میں بھارت کی ریاستوں مہاراشٹرا، راجستھان، اترپردیش، مغربی بنگال، مدھیا پردیش، اوڑیسا، بہار، جھارکھنڈ اور مقبوضہ کشمیر کے حلقوں کے لیے ووٹنگ ہوئی۔

مغربی بنگال میں پولنگ کے عملے کو دھمکیاں دینے پر الیکشن کمیشن آف انڈیا نے یونین منسٹر اور بی جے پی کے انتخابی امیدوار بابل سپریو کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا بھی حکم دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے انتخابی ڈرامے کا مکمل بائیکاٹ کیا گیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر کلگام میں مکمل ہڑتال کی گئی جس کی وجہ سے وادی چنار میں سناٹا چھایا رہا۔

مقبوضہ وادی کشمیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کلگام میں کشمیریوں اور بھارتی افواج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس کے دوران ریاستی طاقت کا اندھادھند استعمال کرتے ہوئے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔

بھارتی حکام کی ہدایت پر مقبوضہ وادی میں نقل و حرکت پہ پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔ عالمی خبررساں ایجنسیاں پہلے ہی بتا چکی ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی کے نام پر بھارتی حکام نے علاقے کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتخابات کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی کے اپنے حلقہ انتخاب میں ہونے والی پولنگ میں صرف دو فیصد ووٹ ڈالے گئے تھے۔

الیکشن کمیشن آف انڈیا کے وضع کردہ انتخابی قواعد و ضوابط کے تحت انتخابات کے کل سات مراحل ہوتے ہیں جن میں سے اب تک چار مرحلے مکمل ہوئے ہیں۔

بھارت میں ہونےوالے عام انتخابات کے نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں