پاکستان اور سعودی عرب میں دھوم مچانے کے بعد ہم نیٹ ورک کے بینر تلے بننے والی فلم ’پرواز ہے جنون‘ چین میں نمائش کی لئے پیش کی جائے گی۔
40 سال میں پہلی بار کمرشل بنیادوں پر فلم پرواز ہے جنون کی چین میں نمائش کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
معاہدے کے تحت فلم پرواز ہے جنون پورے چین میں کمرشل بنیادوں پر نمائش کے لئے پیش کی جائے گی ۔
فلم کی پروڈیوسر مومنہ درید اور فائر انٹرنیشنل میڈیا کے وینگ یے نے معاہدے پر دستخط کئے، تقریب میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی بھی موجود تھے۔
معاہدے پر دستخط پاک چائنہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے تحت ہوئے جو کہ بیلٹ روڈ فورم کا حصہ ہے جو بیجنگ میں جاری ہے ۔
فلم پرواز ہےجنون مومنہ درید نے پروڈیوس کی اورمومنہ اینڈ درید فلمزکے بینرتلے تیارکی گئی ہے جبکہ فلم کے تقسیم کار ہم فلمز ہیں۔
یاد رہے کہ پرواز ہے جنون سعودی عرب میں بھی کمرشل بنیادوں پر ریلیز کی جانے والی پہلی پاکستانی فلم ہے۔
پرواز ہے جنون مومنہ درید کی پہلی فلم بن روئے کے بعد بڑی فلم ہے، فلم بن روئے نے پاکستانی فلموں کے لئے مشرق وسطیٰ ،یو کے، یو ایس اے اور آسٹریلیا کے دروازے کھولے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال پاک فضائیہ کے اشتراک سے بنائی گئی مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی فلم ’پرواز ہے جنون‘ کا گزشتہ روز سعودی عرب میں کامیاب پریمیئرہوا تھا۔
سعودی عرب میں پاکستان کی پہلی کمرشل فلم ’ پرواز ہے جنون‘ کے پریمیئر میں فلم کی مرکزی کاسٹ ہانیہ عامر اور حمزہ علی عباسی نے شرکت کی اس کے علاوہ ہم ٹی وی نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی بھی فلم کے پریمیئرکی تقریب کا حصہ بنے تھے۔
پرواز ہے جنون دفاع پاکستان پر بننے والی فلموں میں سرفہرست
22 اگست کو ریلیز ہونے والی فلم پاکستان اور بیرون ممالک میں بھی کامیابیاں سمیٹنے میں کامیاب رہی، فلم نے کامیابی کے سفر کا ایک اور سنگ میل اس وقت عبور کیا جب آن لائن دنیا پر حکمرانی کرنے والی مقبول ترین ویب سائٹس پر شائقین نے ’پرواز ہے جنون‘ کو خوب سراہا اور بہترین ریٹنگ دی۔
گوگل کی ملکیتی ویڈیو ویب سائٹ یوٹیوب پر فلم کے ٹیزرز اور پرومو کے بعد ’پرواز ہے جنون‘ کے مختلف مناظر کو بھی شائقین کی جانب سے خوب سراہا گیا جس کا ثبوت ان ویڈیو کلپس کے بہترین ویوز کی صورت موجود ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹوئٹر اور فیس بک پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور فلم ناقدین نے ’پروز ہے جنون‘ کی کہانی اور اس کی پکچرائزیشن کی تعریف کی۔
فلم شائقین اس بات پر متفق نظر آئے کہ مومنہ درید کی پیشکش میں فرحت اشتیاق کے مکالمے، حسیب احسن کی ہدایت کاری، فنکاروں کی پرفارمنس اور سب سے بڑھ کر موضوع کے اچھوتے پن نے اسے ایک منفرد اردو فیچر فلم بنا دیا ہے۔