رمیز راجہ کو سوشل میڈیا پر موجودہ حکومت کی طرف داری مہنگی پڑگئی


اسلام آباد: سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ کو سوشل میڈیا پر موجودہ حکومت کی طرف داری مہنگی پڑگئی۔

سابق کپتان اور کرکٹر رمیز راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ ہمارے ٹی وی سیاسی ٹاک شوز اور اینکرز کے ساتھ کیا مسئلہ ہوگیاہے، وہ اپوزیشن کے مؤقف کو نمایاں کررہے ہیں جنہوں نے پاکستان کو آج ان حالات تک پہنچایا، اگر عوام کو مہنگائی محسوس ہورہی ہے تو وہ 10 سال کے لیے انہیں ووٹ دینے پر اسی کے مستحق ہیں۔

اس پر سوشل میڈیا صارفین نے ان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج کل ہراس شخص کا یہی حال ہے جس نے بہت زیادہ چاہ سے تحریک انصاف کی حمایت کی اور عمران خان کو اقتدار میں لایا۔

مسلم لیگ ن کے ایک حمایتی نے تو سابق کرکٹر کو جواب دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے دور کے کارنامے گنوائے اور تب کے اخبارات کے تراشوں کی مدد سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ اس دور میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے کم مہنگائی تھی۔

ایک اور لیگی دل جلے نے تو یہ کہے کر اپنا غصہ نکالاکہ کرکٹ نے ہمیں بدتمیز ہی کیوں دئیے۔

ایک ٹویپ نے رمیز راجہ کو وہ دن یاد دلائے جب وہ خود کرکٹ کے میدان میں کھیلا کرتے تھے۔ سیکولر اینڈ ڈیموکریٹک کے نام سے ٹویپ نے لکھا ’’یہ صاحب کرکٹ کی تاریخ کے وہ نایاب بلے باز تھے جن کو اگر آف سٹمپ پر بال کراؤتوان سے ایک رن نہیں بنتا تھا۔ ۔ ان کی آف سٹمپ کی صلاحیت مفلوج تھی۔

عباس نام کے ٹویپ نے تو رمیز راجہ کو مفت میں مشورہ بھی دے ڈالا ۔ انہوں نے لکھا ’’جس طرح ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر کرکٹ پر کمنٹری آسان ترین کام ہے اسی طرح سیاست بھی سوشل میڈیا پر پیاری لگتی ہے ۔۔ عمران اور عوام کا بہت درد ہے تو سب کچھ چھوڑ کر آئیں اسکا ساتھ دیں، الیکشن لڑیں پھر آٹے دال کا بھاؤ پتہ چلے گا۔‘‘

پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی جانب سے جہاں ان پر تنقید کی گئی اور انہیں حکومت کا ساتھ دینے کے بجائے غلطیوں کی نشاندہی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے کارکنوں نے جہاں رمیز راجہ کی ہمت بڑھائی، کچھ نے ان کا کھل کا ساتھ دیا اور کچھ نے انہیں مزید کھل کر بولنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔


متعلقہ خبریں