بھارتی جیل میں ایک اور ماہی گیر زندگی کی بازی ہار گیا


کراچی: بھارتی جیل میں ایک اور ماہی گیر زندگی کی بازی ہار گیا۔

ترجمان فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کے مطابق محمد سہیل ولد عبدالرشید الحافظ نامی ماہی گیر لانچ پر مچھلی کے شکار کے لیے گیا تھا کہ دو اکتوبر 2016 کو بھارتی فورسز نے اسے گرفتار کرلیا ۔

ترجمان نے بتایا کہ بھارتی جیل میں جاں بحق ہونے والا ماہی گیر محمدی کالونی کراچی کا رہائشی ہے جس کی لاش تین سے چار روز بعد وطن پہنچ جائےگی.

ان کا مزید کہنا تھا کہ تاحال بھارتی جیلوں میں 108 پاکستانی ماہی گیر قید ہیں۔

گزشتہ ماہ بھارتی جیل میں قید ایک اور پاکستانی قیدی کو بدترین تشدد کرکے شہید کر دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں بھارت نے شاکراللہ کی میت پاکستان کے حوالے کردی

ہم نیوز کے مطابق 2017 سے بھارتی جیل میں قید نورالامین کو جیل عملے نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نیتجے میں ان کی جان چلی گئی۔

کراچی کے علاقے کورنگ سے تعلق رکھنے والے ماہی گیرنورالامین کو غلطی سے بھارتی سمندری حدود میں داخل ہونے پرگرفتار کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود اس سے خطرناک مجرموں جیسا سلوک کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی طرف سے جذبہ خیرسگالی کے اظہار اور مذاکرات کی باربار پیشکش کے باوجود اس رویے کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارتی جیل عملے کے تشدد سے ایک اور پاکستانی شہید

اس سے قبل 50 سالہ پاکستانی شہری شاکراللہ کو بھی جے پورجیل میں تشدد کا نشانہ بنا کر شہید کردیا تھا۔

بھارتی انتہاپسندوں کا نشانہ بننے والا شاکراللہ ذہنی طور پر معذور تھے اور انہوں نے بھی 2003 میں غلطی سے سرحد پار کی تھی۔

واضح رہے کہ جس دن بھارت نے پاکستانی شہری شاکراللہ کی لاش پاکستان کے حوالے کی، اس سے صرف ایک دن قبل پاکستان نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو باعزت طریقے سے پڑوسی ملک کے حوالے کیا تھا۔

پاکستان کی قید کے دوران ابہی نندن نے ویڈیو بیان میں پاک فوج کی جانب سے اچھے سلوک کی تعریف کی تھی اور اپنی بھی فوج کی جانب اسے ایسا ہی رویہ اپنانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں