ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار



اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 27 اپریل تک وقفے وقفے سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

آج پنجاب، بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، قلات، نصیرآباد، سبی ڈویژن اورسندھ  کی سکھر ڈویژن میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی برسات کا امکان ظاہر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں گردآلود ہوائیں، اسلام آباد سمیت پنجاب میں بارشیں

محکمہ موسمیات نے آج اور کل بھی بیشتر علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں  ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔

فوٹو: ہم نیوز

کراچی میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد رہا۔ محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

گزشتہ شب ملک کے اکثر علاقوں میں بارشوں سے کہیں موسم سہانا ہو گیا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش سے خشک موسم جزوی طور پر ختم ہوگیا۔ لاہور میں گرد آلود آندھی سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے کئی علاقے تاریکی میں بھی ڈوبے رہے۔ پنجاب کے علاقے گجرات، کامونکی، حافظ آباد، سیالکوٹ،گوجرانوالہ اور نارووال میں بھی بارش ہوئی۔

گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم ہزارہ، کوہاٹ، پشاور اور مالاکنڈ ڈویژن میں چند مقامات پر بارش ہوئی ۔سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 8 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں