کارکے پاور کیس، نیب نے سابق سیکرٹری پانی و بجلی کو گرفتار کرلیا



راولپنڈی: قومی احتساب بیورو(نیب) نے کارکے پاور کیس میں سابق سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع کو گرفتار کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد رفیع کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے، جہاں سے نیب نے اہم دستاویزات بھی قبضے میں لے لی ہیں۔

شاہد رفیع کارکے پاور کیس اور 11 دیگر کیسز میں بھی ملزم نامزد ہیں۔ نیب راولپنڈی کی جانب سے انہیں دفتر منتقل کر دیا گیا ہے، نیب کی جانب سے انہیں احتساب عدالت میں کل پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق شاہد رفیع کی گرفتاری کے دوران راجہ دانیال کی جانب سے مزاحمت کی گئی جس پر نیب ان کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ راجہ دانیال نے مسلح گارڈز کے ساتھ نیب افسران کو ہراساں کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے راجہ دانیال سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف کے قریبی رشتے دار اور شاہد رفیع کے داماد ہیں، نیب نے ان کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کی کارروائی کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں نیب کا سابق صدر آزاد کشمیر کے گھر پر چھاپہ

واضح رہے اسی کیس کے سلسلے میں 10 اپریل کو نیب راولپنڈی  نے سابق صدر آزاد کشمیر راجا ذوالقرنین کے گھر پر بھی چھاپہ مارا تھا۔ نیب نے کارکے رینٹل پاور کیس میں کمیشن لینے کے الزام میں راجا عمر ذوالقرنین کی گرفتاری کے لیے یہ چھاپہ مارا تھا۔

اس حوالے ے زرائع نے بتایا تھا کہ  راجا ذوالقرنین کے دونوں بیٹوں پر منی لانڈرنگ کا بھی الزام ہے۔ نیب ٹیم ڈپٹی ڈائریکٹر اسد جنجوعہ کی سربراہی میں گرفتاری کے لیے پہنچی تھی جس کے پاس راجا عمر ذوالقرنین کے اریسٹ وارنٹ بھی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں