اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا کہ غریبوں کی مشکلات کا حکومت کو احساس ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے ساتھ مکمل طور سے مخلص ہیں۔ وہ ایک دیانت دار انسان ہیں۔
سینیئر صحافی ندیم ملک کے سوال پر انہوں نے اعتراف کیا کہ جس سطح پر معاشی ٹیم کی کارکردگی ہونی چاہیئے تھی وہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم حالات ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ نیب بیانات دینے کے بجائے اپنا کام کرے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ جس طرح سے 65 طرح سے ملک چلا ہے سب جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں جو قانون بنائے گئے ہیں وہ جرم کو فروغ دیتے ہیں۔ عدالتی طریقہ کار میں قانون بدلنے پڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت بچاؤ تحریک دراصل کرپشن بچاؤ تحریک ہے۔ جلد نوکریاں ملنے کے آثار دکھائی دینا شروع ہوجائیں گے۔
‘جب چیف جسٹس ڈپریس ہوجاتے ہیں تو 18 ہزار کمانے والے کا سوچیں’
سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ اس لیے دیا تھا کیونکہ آپ نے لوگوں سے بہت وعدے کیے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ چوروں کو پکڑیں گے، معیشت ٹھیک کریں گے۔ بتایا جائے کہ عوام نے انہیں کیوں ووٹ دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب چیف جسٹس ڈپریس ہوجاتے ہیں تو 18 ہزار کمانے والے کا سوچیں۔ دوسری جانب نیب چئیرمین کہتے ہیں کہ اگر پالیسی اور ٹیم نہیں ہوگی تو مجھ سے امیدیں نہ رکھی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: نہ ہم حکومت گرائیں گے، نہ کوئی ہماری گراسکتا ہے: فیصل واوڈا
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کے پاس اچھا محکمہ ہے تو مسئلہ نہیں ہونا چاہیئے۔ حکومت ڈیلیور کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیاں اذیت ناک ہیں۔ احتساب کو ایک پروسیس میں چلتے رہنا چاہیئے۔ بہتر یہ ہے کہ ایک طریقہ اور نظام لایا جائے۔
ملک عمران خان کی خواہشات کے مطابق نہیں چل سکتا،سعید غنی
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا کہ حکومت کو اس بات کا احساس ہی نہیں کہ اس وقت معیشت کس تباہی کی جانب جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتساب کی آڑ میں ہراساں کیا جارہا ہے۔ کوئی ملک میں کاروبار کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ملک عمران خان کی خواہشات کے مطابق نہیں چل سکتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیزل کے استعمال میں 30 فیصد کمی آگئی ہے۔
آج پاکستان میں غیر اعتمادی کی فضا ہے، رانا محمد افضل
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ آج پاکستان میں غیر اعتمادی کی فضا ہے۔ کسی کو کچھ معلوم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کو سوالوں کے جواب دینے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ایک کافی کا کپ پیو تو کئی ٹیکس لاگو ہوجاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت بنا سوچے سمجھے پالیسیاں بنا رہی ہے۔ نیب پی ٹی آئی کے لوگوں کو نہیں پکڑ رہی۔