وفاقی کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہو رہی،فواد چوہدری



اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزرا کے قلمدان میں تبدیلی کی خبروں کی تردید کر دی۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے کسی بھی وزیر کو تبدیل کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے جب کہ وزیر اعظم عمران خان نے تصدیق کی ہے کہ میڈیا کی خبروں میں صداقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے مذاکرات کے وقت ایسی خبریں آتی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل میڈیا پر وفاقی کابینہ میں ردوبدل کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ جس میں وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی سمیت 5 وزرا کے قلمدان تبدیل کرنے کے فیصلے کا ذکر تھا۔

میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے وفاق کی 5 وزارتوں میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا جس میں اسد عمر سے وزارت خزانہ اور شہریار آفریدی سے وزارت داخلہ کے قلمدان واپس لیے جائیں گے اور کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ دو ہفتہ میں کر لیا جائے گا۔

میڈیا پر یہ بھی خبریں زیر گردش ہیں کہ اتحادیوں کو مزید وزارتیں دینے کے فیصلے کے بعد کابینہ میں توسیع کی جائے گی جب کہ وفاقی وزرا کی کارکردگی رپورٹس وزیر اعظم آفس پہنچ چکی ہیں۔

29 مارچ کو وزیر اعظم کے سیکرٹری نے تمام وزارتوں کو خط لکھا، جس میں تمام وزرا کو اپنی اپنی سہہ ماہی رپورٹ مرتب کرنے کے لیے 2 ہفتہ کا وقت دیا گیا تھا جب کہ سہہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے رپورٹ کا فارمیٹ وزراتوں کو بھجوا دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ہر وزارت کو اب تک کی کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کے لیے 30 منٹ کا وقت دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں