محمد عباس کو آئی سی سی ٹیم آف دی ایئر کی کیپ مل گئی


پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیم آف دی ایئر کی کیپ مل گئی جسے ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے پیش کیا۔

ڈریم ٹیسٹ ٹیم کا اعلان 22 جنوری کو ہوا تھا جس میں نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم، سری لنکا سے ڈیموتھ کرونارتنے، کیوی بیٹسمین کین ولیمسن،  بھارت سے ویرات کوہلی (کپتان)، نیوزی لینڈ سے ہنری نکولس، بھارتی کرکٹرر شابھ پانٹ، ویسٹ انڈیز سےجیسن ہولڈر اور جنوبی افریقی فاسٹ بالر کاگیسو ربادا شامل ہیں۔

آسٹریلوی آف اسپنرناتھن لیون، بھارتی فاسٹ بالر جسپریت بمرا اور پاکستان سے محمد عباس کو بھی اس ٹیم میں شامل کیا گیا۔

سال 2018 پر نظر دوڑائیں تو کرکٹ کے میدان میں محمد عباس کا چرچا زبان زد عام رہا ہے، متحدہ عرب امارات کی ڈیڈ پچز ہوں یا انگلینڈ کی سیمنگ کنڈیشن، انہوں نے ہر جگہ اپنی نپی تلی بولنگ سے بلے بازوں کی ناک میں دم کرے رکھا۔

ان کی عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کرکٹ کی بائبل تصور کیے جانے والے میگزین وزڈن نے سال کی بہترین ٹیسٹ ٹیم میں پاکستان کےفاسٹ بولر محمد عباس کو شامل کیا جنہوں نے سال 2018 میں 12.52 کی اوسط سے 38 وکٹیں حاصل کیں۔

محمد عباس  کے لیے سال 2018 کامیابیوں کا سال رہا۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 50 وکٹیں مکمل کیں بلکہ سیریز میں مجموعی طور پر 17 وکٹیں حاصل کیں ۔

محمد عباس نے اپنی شاندار بولنگ اوسط کی بدولت دنیا بھر کے بڑے بڑے بولروں کو پیچھے چھوڑا اور وہ 21ویں صدی کے ساتھ ساتھ 20 ویں صدی میں بھی کم از کم 50 وکٹیں لینے والے بولرز میں بہترین اوسط کے حامل گیند باز بن گئے۔


متعلقہ خبریں