پی آئی اے نے اضافی سامان کے چارجز میں اضافہ کردیا

پی آئی اے کا حکومتی اتحادیوں کو رعائت دینے سے انکار

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن نے نجی ائیرلائنز کی نسبت اضافی سامان کے چارجز دوگنے کر دئیے ہیں۔

پی آئی اے کی جانب سے یکم اپریل سے اندرون ملک پروازوں پر فکس چارجز پانچ ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں جن کا اطلاق ایک کلو سے 20 کلو گرام تک ہوگا۔

اس سے قبل قومی ائیرلائن کے اضافی چارجز ایک سو روپے فی کلو گرام سے بھی کم تھے۔ نجی ائیرلائنز سرین اورائیربلیو کےاضافی سامان کے چارجز پی آئی اے کی نسبت 50 فیصد کم ہیں۔

پی آئی اے کی جانب سے فکس چارجز کے تحت فی کلو گرام 250 روپے وصول کیے جارہے ہیں جبکہ سرین ایئر فی کلو گرام 115 روپے اور ایئربلیو نے فکس چارجز دو ہزار روپے مقرر کر رکھے ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ فیول کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کے باعث یہ نئے چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔

ترجمان کی جانب سے اس خدشے کو مسترد کیا گیا ہے کہ قومی ائیرلائن کی آمدنی میں کمی ہوسکتی ہے اس پر ان کا کہنا ہے کہ نجی ایئرلائنز کے مقابلے میں پروازوں کی زائد تعداد ہونے کے باعث نقصان کا اندیشہ نہیں ہے۔

پی کے 772 میں فنی خرابی

دوسری طرف کوپن ہیگن سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے772 میں فنی خرابی پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے۔

طیارے کے کارگو گیٹ میں خرابی پیدا ہوئی ہے تاہم نائٹ کرفیو کے باعث اس کی مرمت نہیں ہوسکتی۔

گزشتہ روز طیارے میں خرابی کے باعث کپتان نے اڑانے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد یہ پرواز 15 گھنٹوں سے زائد تاخیرکاشکار ہوچکی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طیارہ ٹھیک ہوتے ہی اسے پاکستان کیلئے روانہ کردیا جائے۔


متعلقہ خبریں