مفتاح اسماعیل کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا


اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔

ہم نیوز کو ملنے والی ایکسکلوژو اطلاعات کے مطابق وزارت داخلہ نے مفتاح اسماعیل کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالا ہے۔

مزید پڑھیں: ای سی ایل، بلیک لسٹ اور اسٹاپ لسٹ کیا ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل کو لندن جانے سے بھی روک دیا گیا، انہوں نے آج کراچی سے لندن روانہ ہونا تھا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ حکام نے مفتاح اسماعیل کو نام اسٹاپ لسٹ میں ہونے سے متعلق آگاہ کر دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز یہ بھی خبر منظر عام پر آئی تھی کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے مفتاح اسماعیل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی سفارش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ آفتاب میمن کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش بھی کی ہے اور  وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔

مفتاح اسماعیل کے خلاف ایک این جی اسکینڈل کیس میں تحقیقات چل رہی ہیں۔

ایل این جی اسیکنڈل میں تحقیقات کے لیے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نیب میں پیش ہوچکے ہیں۔  پیشی کے بعد انہیں 30 سوالات پر مشتمل ایک اور سوال نامہ تھمایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ایل این جی اسکینڈل، نیب نے مفتاح اسماعیل کو طلب کر لیا

نیب میں پیشی کے بعد مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ نیب کے سامنے پیش ہوا ہوں اور وہاں جو پوچھا گیا ہے اس کا جواب دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال جون میں من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ دینے کے الزام پر چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے سابق وزرائے اعظم و دیگر کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی تھی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں سابق وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔


متعلقہ خبریں