نیب کی مفتاح اسماعیل کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب) نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے سیکرٹری لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ آفتاب میمن کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش بھی کی ہے اور  وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔

نیب نے خط میں موقف اختیار کیا ہے کہ مفتاح اسماعیل کے خلاف ایل این جی کیس کی تحقیقات چل رہی ہیں اور آفتاب میمن جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں ملزم ہیں۔

واضح رہے مفتاح اسماعیل کے خلاف ایک این جی اسکینڈل کیس میں تحقیقات چل رہی ہیں۔

ایل این جی اسیکنڈل میں تحقیقات کے لیے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نیب میں پیش ہوچکے ہیں۔  پیشی کے بعد انہیں 30 سوالات پر مشتمل ایک اور سوال نامہ تھمایا گیا تھا۔

قومی احتساب بیورو کی جانب سے طلبی پرسابق وزیرخزانہ  نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے تھے اور نیب کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب دیکارڈ کرائے تھے۔

نیب راولپنڈی نے مفتاح اسماعیل سے ڈیڑھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔

سابق وزیرخزانہ کو نیب نے پیشی کے دوران  30 سوالات پر مشتمل ایک اور سوالنامہ دیا تھا اور اس کا جواب انہیں ایک ہفتے میں دینے کی ہدایت کی تھی۔

نیب میں پیشی کے بعد مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ نیب کے سامنے پیش ہوا ہوں اور وہاں جو پوچھا گیا ہے اس کا جواب دے دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب نے میرا بیان بھی ریکارڈ کیا ہے اوردوبارہ طلب نہیں کیا، اگر نیب نے دوبارہ بھی طلب کیا تو وہ ضرور پیش ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال جون میں من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ دینے کے الزام پر چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے سابق وزرائے اعظم و دیگر کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی تھی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں سابق وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔


متعلقہ خبریں