بی آئی ایس پی کے نام کی تبدیلی آمرانہ سوچ ہے، مرتضی وہاب



اسلام آباد: رہنما پاکستان پیپلز پارٹی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک قانون سازی کے تحت بنایا گیا تھا، اس کے نام کی تبدیلی  ایک آمرانہ سوچ ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو دنیا بھر کے لوگوں سے پذیرائی حاصل ہوئی ہے، وزیراعظم عمران خان کو اخلاقی طور پر ایک مستحکم ادارے کو خراب نہ کرنے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پارلیمان میں قانون سازی کے لیے برتری حاصل نہیں ہے۔

حکومت کی توجہ نام پر نہیں کام پر ہے، صداقت عباسی

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) صداقت عباسی نے کہا کہ حکومت غربت کے خاتمے کے لیے بیت المال اور بینظر انکم سپورٹ پروگرام کو یکجا کر کے ان میں اصلاحات لانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ نام پر نہیں کام پر ہے اور ہماری کوشش ہے کہ غریب لوگوں کے لیے  صحت اور تعلیم جیسے شعبوں میں ایسے پروگرامز کو یکجا کر دیں۔

صداقت عباسی کا کہنا تھا  کہ ہمیں اس بات کا اچھے سے ادراک ہے جب تک پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن حکومت کا ساتھ نہیں دیں گ۔  کوئی آئینی ترامیم ممکن نہیں۔

چیئرمین نیب کے پاس یہ اختیار ہے کہ ملزم کو پلی بارگین کی اجازت دیں، راجہ عامر عباس

سابق نیب پراسیکیوٹرراجہ عامر عباس نے کہا کہ قانون اس چیز کی اجازت دیتا ہے کہ کوئی مجرم پلی بارگین کر کے اپنی سزا ختم کرا لے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کا عملی مظاہرہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں دیکھا جا سکتا ہے تاہم اگر یہ تاثر دیا گیا کہ ملزمان کو اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے ریلیف دیا جا رہا ہے تو عوام ان کا ساتھ نہیں دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کے پاس یہ اختیار ہے کہ ملزم کو پلی بارگین کی اجازت دیں جس کے بعد ملزم عدالت سے رجوع کرے گا اور وہ اس پر فیصلہ کرے گی۔


متعلقہ خبریں