عمران خان نے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے،چوہدری نثار



واہ کینٹ: سابق وزیرداخلہ اور سئینر سیاستدان چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نااہل ہے، ان کی کسی بھی معاملے میں کوئی پالیسی اور سمت نظر نہیں آرہی ہے۔

واہ کینٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ ملکی مسائل پر نہیں ہے، حالانکہ ملک انتہائی بڑے سخت بحران میں ہے۔ موجودہ حکومت نے قرضے لینے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قومی مسائل پر بات نہیں ہوگی، مسائل کا حل نہیں نکلے گا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی بھارت سے متعلق پالیسی میں کوئی فرق نہیں ہے، عمران خان اپوزیشن میں بولتے تھے لیکن اب ان کی کوئی پالیسی نظر نہیں آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے معاملے پر حکومت مشاورت کرے، پارلیمنٹ میں بحث کرانی چاہیے اگر اپوزیشن سخت زبان استعمال کرے تو حکومت کو بڑے پن کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتیں ٹویٹ سے نہیں چلتیں، اگر عمران خان کو صوبائی اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں میں اضافے پر اعتراض تھا تو مناسب وقت پر پارٹی میں اس کا اظہار کرتے۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نااہل ہے، کسی بھی معاملے پر کسی ایک موقف پر قائم نہیں رہتی ہے۔ کسی بھی چیز کا قبل ازوقت اعلان کرنا نااہلی کی نشانی ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ دو تہائی والے حکومت پوری نہیں کرسکے لیکن مسلم لیگ ق نے اپنا دور پورا کیا، اس وقت تمام ادارے تحریک انصاف کے ساتھ  ہیں، اب یہ پتہ نہیں کہ کب تک یہ ساتھ چلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے واقعے سے اگر کسی پاکستانی تنظیم کا تعلق نہیں ہے تو آپ نے پکڑ دھکڑ کیوں شروع کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے عمران خان نے قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا ہے، ملک کو آگے لے جانے کے لیے جس منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے وہ ان کے پاس نہیں ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ اپوزیشن کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے جن سے عالمی سطح پر ملک کا نقصان ہوگا، بلاول بھٹو کوایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا کہ یہ ملک رہے گا تو یہاں سیاست ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کو سیاسی ادارہ سمجھتا ہوں، اگر چند بڑی طاقتوں نے بلیک لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ کرلیا تو پاکستان سونے کا بن کر بھی نہیں بچ سکتا، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جو کارروائی کی یہ دنیا میں نہیں ہوئی لیکن ان تمام باتوں کا مقصد پاکستان پر دباو ڈالنا ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ کس جماعت میں جانا ہے، یہ ابھی فیصلہ نہیں کیا، اس حوالے سے فیصلہ بعد میں کروں گا۔ عوام نے صوبائی اسمبلی میں ووٹ دئیے لیکن قومی اسمبلی الیکشن وہاں سے ہی ہارگیا، اس حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہتا۔


متعلقہ خبریں