اتحادیوں کا وزیراعظم سے بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ


سندھ کے اتحادیوں نے وزیراعظم عمران خان سے بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ وزیر اعظم نے اتحادیوں کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے نام تبدیل کرنے کے یقین دہانی کرادی ہے۔

نام کی تبدیلی کا مطالبہ جی ڈی اے کے رہنما علی گوہر مہر کی رہائش گاہ پرکیا گیا۔ مخدوم محسن نے اتحادیوں کا مشترکہ پیغام پہنچایا۔

گھوٹکی میں وزیراعظم عمران خان سے جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کے اراکین سندھ اسمبلی  کی اہم ملاقات ہوئی۔

ایم کیو ایم کے چھ رکنی وفد کی  قیادت خواجہ اظہار الحسن  نے کی جبکہ جی ڈی اے رہنماؤں میں نصرت سحر عباسی، ارباب غلام رحیم ،ذوالفقار مرزا، مرتضیٰ جتوئی سمیت دیگر اراکین شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں اتحادی جماعتوں نے ورکنگ ریلیشنز مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعظم نے اتحادی جماعتوں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ہم نیوز سے گفتگو میں خواجہ اظہارالحسن نے بتایا کہ آئندہ حکمت عملی سندھ حکومت کے خلاف ہوگی، جی ڈی اے رہنماؤں نے کہا کہ وزیراعظم نے جو وعدے کیے، ان کو پورا کیا۔

مزید پڑھیں: اٹھارہویں ترمیم کے بعد وفاق دیوالیہ ہوگیا ہے، عمران خان

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ سندھ کے وزیر اعلیٰ اگر کام نہیں کریں گے تو لوگ مجبور ہو کر وزیراعظم کو آواز دیں گے ۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سندھ میں پی ٹی آئی، جی ڈی اے اور ایم کیوایم کو مل کر کام کرنے کی ہدایت کی ہے جس پر تینوں جماعتوں کے رہنماوں نے اتفاق بھی کیا ہے۔


متعلقہ خبریں