سندھ حکومت کو جب ہٹانا ہو گا ہٹا لیں گے، فواد چوہدری


اسلام آباد : وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ حکومت نے جو پیسہ وفاق سے لیا وہ لندن اور دبئی میں اپنے محلات بنانے پر خرچ کر دیا اور آج محلات کے حوالے سے ان پر کیسز بھی چل رہے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہ حکومت نے 1800 ارب قرض کی مد میں سود ادا کرنا ہے تاہم ان مشکل حالات کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے لوگوں کے لئے کراچی پیکج کا اعلان کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ پر نیب کے کیسز ہیں اور ان میں اتنی اخلاقی جرات نہیں کہ وہ استعفیٰ دے دیں، سندھ حکومت اخلاقی قدر کھو بیٹھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آصف علی زرداری کے فرنٹ مین ہیں، سندھ حکومت میں ایسے لوگ موجود ہیں جنہیں جیلوں میں ہونا چاہئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ حکومت کو جب ہٹانا ہو گا ہٹا لیں گے یہ کون سا مشکل کام ہے مگر ابھی ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے، اگر کوئی تبدیلی ہوئی بھی تو آئینی طور پر ہی ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پلی بارگین کا اختیار حکومت کے پاس نہیں بلکہ عدالت کے پاس ہے، ہم تو بس انہیں یہ مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ پلی بارگین کرلیں اور لوٹی ہوئی دولت واپس کر دیں۔

ابو بچاؤ تحریک کے لئے نیب قوانین میں ترمیم کے عمل میں پی ٹی آئی شامل نہیں ہو گی، شہزاد اکبر

وزیراعظم کے  معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف و زرداری کو یہ قانونی مشورہ دیا ہے کہ وہ پلی بارگین کر لیں اور پلی بارگین کی بھی اجازت عدالت دے گی۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری نے بھی ان کا حال دیکھتے ہوئے  انہیں مشورہ دیا کہ یہ لوگ واقعی جیل جانے سے بچنا چاہتے ہیں تو پلی بارگین کر لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تین چار دن گزر گئے مگر ابھی تک نواز شریف کا علاج شروع نہیں ہو سکا، ایک دفعہ سرسری چیک اپ کے لئے گئے اور یہ چیک اپ تو جیل سے بھی کروایا جا رہا تھا۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے عمران خان کو احتساب کے نام پر ووٹ دیا ہے لہٰذا سب کا احتساب ہو گا اور احتساب کے عمل کو ٹھیک کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کو اگر لگتا ہے کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نہیں نکلنا چاہئے تھا تو ان کا حق ہے وہ عدالت میں اپیل دائر کریں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو ابو بچاؤ تحریک کے لئے نیب قوانین میں ترمیم کروانا چاہتے ہیں تو پاکستان تحریک انصاف اس عمل میں شامل نہیں ہو گی۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پلان کا فقدان نظر آیا، عامر سہیل 

سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر سہیل نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے ورلڈکپ کو مد نظر رکھتے ہوئے کچھ کھلاڑیوں کو آرام دیا تاہم کوئی بھی ٹیم  ہارنے کے لئے تو نہیں کھیلتی آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پلان کا فقدان نظر آیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو محض تین سے چار کھلاڑی ہی ورلڈ کپ کے لئے چاہئے باقی تمام کھلاڑی تو سلیکٹڈ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عابد علی نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے اب سیلیکشن کمیٹی کے لئے امتحان ہے کہ وہ کن کھلاڑیوں کا چناؤ کریں گے۔

 

 


متعلقہ خبریں