نجی کوریئر کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے کا معاملہ،حکومت کا بل پیش کر نے کا فیصلہ

 وفاقی حکومت کا نجی کوریئر کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے کے لیے بل از سرنو پارلیمنٹ میں پیش کر نے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے نجی کوریئر کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے کے لیے بل از سرنو پارلیمنٹ میں پیش کر نے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ سینیٹرمشتاق احمد کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پوسٹل سروسز کا اجلاس پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔جس میں کمیٹی چیئرمین سینیٹر خوش بخت شجاعت نے اپنا ہی بل کمیٹی میں زیربحث آنے پر سینیٹر مشتاق احمد کو اجلاس کی صدارت سونپ دی

اجلاس میں پاکستان کوریئر اینڈ لاجسٹکس ریگولیٹری اتھارٹی بل پر بحث کی گئی۔

ڈی جی پاکستان پوسٹ ڈاکٹر نصیر احمد خان نے کہا کہ یہ بل قومی اسمبلی سے منظور ہوا تھا لیکن ابھی تک اسے حتمی شکل نہیں دی جا سکی۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ مقررہ مدت میں بل سینیٹ سے پاس نہیں کرایا گیا جس پر وزارت قانون کے حکام نے کہا کہ یہ بل دوبارہ قومی اسمبلی سے پاس کرا کر سینیٹ میں بھیجنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان پوسٹ کا ’ای کامرس‘ کے نام سے نئی سروس کا آغاز

ڈی جی پاکستان پوسٹ کا کہنا تھا کہ کوریئر کمپنیوں کے لیے ریگولیٹری اتھارٹی کی ضرورت ہے اس بل پر اتفاق کرتے ہیں۔ کمیٹی میں بل پر شق وارجائزہ لیا گیا۔

اراکان کی جانب سے سفارش کی گئی کہ ریگولیٹری اتھارٹی میں سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندے شامل ہیں لیکن صارف کا نمائندہ بھی ہونا چاہیے، اس اتھارٹی میں ایک سینیٹر اور ایک ایم این اے بھی ہونا چاہیے۔

یہ بھی کہا گیا کہ ریگولیٹری اتھارٹی کی سال میں دو کی بجائے چار میٹنگز ہونی چاہیے۔

اس موقع پر وزارت پوسٹل سروسز کی جانب سے یہ تجویز دی گئی کہ اس اتھارٹی میں وزارت پوسٹل سروسز کا نمائندہ تو ہے لیکن ڈی جی پاکستان پوسٹ کو بھی اس اتھارٹی میں شامل ہونا چاہیے۔


متعلقہ خبریں