یوم پاکستان پر صدر مملکت اور وزیراعظم کے پیغامات


اسلام آباد: یوم پاکستان کے تاریخی اور پرمسرت موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم آج بانیان پاکستان کی قربانیوں اور جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔

قوم کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ 23 مارچ وہ تاریخی دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے متحد ہونے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے غیر معمولی حالات میں ہمیشہ استقامت کا مظاہرہ کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف مثالی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے ہمیں مزید محنت درکار ہے۔

یوم پاکستان کے موقع پرقوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج کے دن مسلمانان ہند نے اپنی منزل کا تعین کیا۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی صورت میں عوام کو حقوق اور مذہبی آزادی ملی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے جو بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا 23 مارچ ہماری ملی تاریخ کا عظیم دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان نیا پاکستان ہے اور ہم پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قیام پاکستان کی صورت میں عوام کو اپنے حقوق اور مذہبی آزادی ملی۔ انہوں نے واضح کیا کہ  ہم اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر امن اور دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن ہماری امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دفاع کی خاطر ہر قدم اٹھانے کا حق رکھتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیرکےعوام کے حق خود اراد یت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر فورم پر جاری رکھی جائےگی۔


متعلقہ خبریں