نندی پور ریفرنس، خواجہ آصف اور نوید قمر بطور گواہ طلب

نندی پور ریفرنس، خواجہ آصف اور نوید قمر بطور گواہ طلب

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نندی پور ریفرنس میں مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف اور پیپلز پارٹی رہنما سید نوید قمر کو بطور گواہ طلب کر لیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیری ریفرنس کیس کی سماعت جج محمد ارشد ملک نے کی۔ ملزمان میں ڈاکٹر بابر اعوان، مسعود چشتی اور سابق کنسلٹنٹ شمیلہ محمود عدالت کے روبرو پیش ہوئے جب کہ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، سابق جوائنٹ سیکرٹری ریاض محمود اور سابق سیکرٹری شاہد رفیع عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔

ملزمان کی غیر حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا جب کہ استغاثہ کے گواہ محمد نعیم عدالت میں پیش ہو گئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر بابر اعوان نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ سیلاب کا کیس نہیں ہے جو مظفرگڑھ میں ریکارڈ کیا گیا اور نہ ہی یہ کوئی سیاسی بیان ہے۔

نیب پراسیکیورٹر نے کہا کہ میں اس کیس میں نوید قمر اور خواجہ آصف کو گواہی کے لیے پیش کر رہا ہوں۔ جس پر بابر اعوان نے نیب پراسیکیورٹر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاست کر رہے ہیں اور میرے مخالفین کو میرے خلاف پیش کر رہے ہیں۔ میں عدالت میں موجود ہوں جس کو پیش کرنا ہے، پیش کریں۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے درخواست کی کہ مجھے اس کیس میں مزید فائل منگوانی ہیں۔

بابر اعوان نے کہا کہ ان کا ایگزامینیشن کیا جائے، کوئی جواز نہیں کہ کچھ ریکارڈ دے چکے ہیں اور کچھ باقی ہے۔ انہوں نے جو کاغذ لگائے ہیں یہ ردی اور پکوڑوں کے کاغذ ہیں۔

دوران سماعت بابر اعوان اور نیب پراسیکوٹر کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

بابر اعوان نے مؤقف اختیار کیا کہ آپ سیاسی گفتگو کر رہے ہیں، چھلانگیں نہ لگائیں بلکہ ٹرائل کرائیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے براہ راست بابر اعوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے الفاظ استعمال نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں نندی پور ریفرنس:سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف اوربابراعوان پرفرد جرم عائد

بابر اعوان نے جواب دیا کہ آپ بلائیں خواجہ آصف کو کہ وہ سانپ لے کر آجائیں، خواجہ آصف نیب کے ملزم ہیں اور نوید قمر نیب کے قیدی رہے ہیں۔

پراسیکیوٹر نے عدالت کی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ بابر اعوان صاحب جس طرح بول رہے یہ جلسہ نہیں ہو رہا، جس پر بابراعوان کے منشی محمد شبیر نیب پراسیکیوٹر پر چلاتے ہوئے کہنے لگے کہ میں چپ کر کھڑا ہوا ہوں۔

نیب پراسیکیوٹر نے جج کو مخطاب کرتے ہوئے کہا کہ سر آپ دیکھ لیں یہ مجھے کس طرح دھمکیاں دے رہے ہیں۔ بابر اعوان کے منشی چپ رہنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔

نیب عدالت نے نندی پور ریفرنس میں مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف اور پیپلز پارٹی رہنما سید نوید قمر کو بطور گواہ 21 مارچ کو طلب کر لیا۔

11 مارچ کو نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، بابراعوان اور دیگر 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

سپریم کورٹ پاکستان نے 2011 میں نندی پور کمیشن قائم کیا تھا، جس کا مقصد منصوبے میں تاخیر کی وجوہات معلوم کرنا تھا۔


متعلقہ خبریں