حکومت شکر کرے پی ٹی آئی اپوزیشن میں نہیں،احسن اقبال



اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سیئنر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے ہراہم موقع پر حکومت کا ساتھ دیا لیکن اس کے باوجود حکومت کا رویہ جارحانہ ہے۔

پروگرام بڑی بات میں میزبان عادل شاہ زیب سے گفتگوکرتے ہوئےاحسن اقبال نے کہا کہ حکومت کو میثاق معیشت کی پیشکش کی لیکن حکومت نے ہمارا ہاتھ جھٹک دیا، مذہبی جماعت کے دھرنے، بھارت کے حملے پر ہم نے حکومت کا ساتھ دیا لیکن حکومت کا رویہ ہے کہ روز اپوزیشن پر کیچڑ اچھالنا ہے، آپس کی ناچاکی سے معاملات میں خرابی پیدا ہورہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے ساتھ گلے شکوے ہیں لیکن ملک سے نہیں، جب بھی ملک کو ضرورت ہوگی ہم بلامشروط حکومت کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور تحریک انصاف والا کردار ادا نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان قومی قیادت کے بنایا تھا، اس حکومت کو بھی اسی جذبے کے تحت آگے لے کر چلنا چاہیے اور وزیراعظم کو قیادت کرنی چاہیے۔

احسن اقبال نے کہا حکومت کو سمجھ نہیں آرہا کہ حکومت کیسے کرنی ہے،ملک کو کرپشن سے زیادہ نااہلی سے بھی نقصان ہوا ہے، وزراء خود چاہتے ہیں کہ ملک میں محاذآرائی ہو، ہمیں قرضے کے طعنے دیتے تھے اور خود دوگنے لیے ہیں، حکومتی پالیسیوں کے باعث لاکھوں لوگ بے روزگارہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں میں توسیع کا معاملہ اگر ضروری ہے تو وزیراعظم سب کو آگاہ کرکے اعتماد میں لیں، اپوزیشن ساتھ کھڑی ہوگی۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ملک کے اندرانتہاپسندی کے خاتمے کے لیے جو پالیسی ہے حکومت اس پر جلد سے جلد کام شروع کرے اور یہ کام وزیراعظم قومی قیادت کےساتھ مذاکرات سے کریں۔

آصف زرداری پیشی یا عدم پیشی، دونوں صورتوں میں گرفتار ہوسکتے ہیں،راجہ عامرعباس

سابق پراسیکوٹرنیب راجہ عامرعباس نے کہا کہ جعلی اکاونٹس کیس میں جے آئی ٹی نے بہت کچھ نیب کے حوالے کیا، سپریم کورٹ نے مزید تحقیقات کے لیے وقت دیا، نیب میں تجربے کی کمی کا معاملہ ہے لیکن بڑے کیسز میں غلطیوں کی گنجائش انتہائی کم ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آصف زرداری پیش نہ ہوئے تو چیئرمین نیب کے پاس اختیارموجود ہے کہ وہ انہیں گرفتار کرالیں، لگ ایسا رہا ہے کہ وہ اگرپیش ہوئے تو بھی گرفتار ہوسکتے ہیں اور اگر نہ بھی ہوئے تب بھی ہوسکتے ہیں۔

عالمی کرکٹ کی واپسی میں کوئی رکاوٹ نہیں،ظہیرعباس

سابق صدر آئی سی سی اور سابق کپتان ظہیرعباس نے کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی سے کرکٹ کے لیے دنیا کی نظریں پاکستان پر لگی ہیں، عالمی کھلاڑیوں کے آنے کے بعد عالمی کرکٹ کی واپسی میں کوئی رکاوٹ نہیں رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب وقت دور نہیں کہ ملک میں کرکٹ کی واپسی ہو، پاکستان کرکٹ بورڈ کو خاموشی سے نہیں بیٹھنا چاہیے اور دنیا کو متوجہ کرنے چاہیے۔

نعیم رشید کی اہلیہ اور طلحہ رشید کی والدہ کی گفتگو

سانحہ نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والے نعیم رشید کی اہلیہ عنبرین نعیم نے کہا کہ انہیں اپنے شوہر کے کارنامے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرابیٹا طلحہ  بہت ذہین اور اچھا بچہ تھا، اساتذہ اس کے کردار کی تعریفیں کرتے تھے، ہرکام میں میری مدد کرتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایوارڈ کے اعلان پر وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار ہیں، پوری پاکستانی کیمونٹی ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔ براہ راست کسی وزیرنے رابطہ نہیں کیا لیکن ہمارے ساتھ پاکستانی ہائی کمیشن نے بہت تعاون کیا۔


متعلقہ خبریں