پاکستان میں میڈیکل لیبارٹریز کے لیے پہلی معلوماتی کتاب کا اجراء


اسلام آباد:  پاکستان اور امریکہ کے تعاون سے میڈیکل لیبارٹریز سے وابستہ ڈاکٹرز اور ٹیکنیشنز کی سہولت کے لیے پہلی معلوماتی کتاب منظرعام پرآگئی ہے۔

پاکستان اکیڈمی آف سائنس نے نیشنل اکیڈمی آف سائنسز، انجیئرنگ اور میڈیکل امریکہ کے تعاون سے”گڈکلینیکل لیبارٹری پریکٹسز ان پاکستان‘‘ کے نام سے لیبارٹری ہینڈبک کا پہلا ایڈیشن متعارف کرایا ہے۔

’’ون ہیتلھ‘‘ کے نظریے کے تحت اس کتابچے کا مقصد کلینیکل لیبارٹریز سے جڑے ہوئے افراد کو انسانوں اور جانوروں کی صحت سے متعلق باآسانی معلومات فراہم کرنا ہے۔

کتاب کو پاکستان لیبارٹری ماہرین نے امریکی معاصرین کےتعاون سے تحریر کیا ہے۔ ملک بھر میں اس شعبے سے جڑے لوگوں کو آسانی سے سمجھانے کے لیے سادہ زبان اور انداز میں لکھا گیا ہے۔

کتاب کے کئی سکیشن ہیں جو لیبارٹری مینیجمنٹ، بائیو سیفٹی، لیبارٹری آپریشنز اور کوالٹی مینیجمنٹ سسٹم  پر مشتمل ہیں۔

لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عامر اکرم نے تعاون پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے شعبے میں آنے والے نئے لوگوں کے ساتھ  ساتھ  لیبارٹریز کے مختلف شعبوں کے ماہرین کو بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کتاب ابھی انگریزی میں ہے لیکن جلد زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے اردو اور دیگر مقامی زبانوں میں بھی اس کا ترجمہ کرایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کتاب آن لائن بھی دستیاب ہوگی اور ایک ایپ کے ذریعے بھی اس تک رسائی حاصل کی جاسکے گی۔

اس موقع پر انہوں نے لیبارٹری پریکٹسز اور ان کے درمیان روابط کو بہتر بنانے پر زور دیا جس سے بیماریوں کی بروقت تشخیص ممکن ہوسکے۔

تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم کے مشیر سید ابو احمد عاکف نے اس اہم کتاب کے لیے اہم کردار ادا کرنے پرماہرین کی کوششوں کی تعریف کی اور سراہا۔


متعلقہ خبریں