حکومت نیشنل ایکشن پلان کے تحت وزرا کے خلاف کارروائی کرے، امتیازشیخ



اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما امتیازشیخ نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم عمران خان نیشنل ایکشن پلان کے تحت اپنے وزراء سے کارروائی کا آغاز کریں توساری دنیا ان کے عمل پریقین کرلے گی۔

پروگرام ندیم ملک لائیو میں میزبان ندیم ملک سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما امتیازشیخ کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس اگر ثبوت نہیں ہیں تو کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کیوں کررہے ہیں، اگر ثبوت ہیں تو نیشنل ایکشن پلان کے تحت وزیروں کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے تاکہ دنیا اس عمل کو مانے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جے آئی ٹی میں ایجنسیوں کے نمائندے شامل نہیں ہونے چاہیے تھے۔ بلوچستان میں جو کیا وہ سیاسی صورتحال تھی، تحریک انصاف کسی کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں، انہوں نے سیاسی ماحول کو تلخ کردیا ہے۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ کچھ وقت گزرے گا پھر تحریک انصاف بھی مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی کی طرح نیب کے خلاف بولے گی،ہم احتساب کے خلاف نہیں ہیں، یہ ملک میں سیاسی کارروائیاں ہورہی ہیں۔

 

کالعدم تنظیموں کے خلاف حکومت کی کارروائی سیجندہ نہیں ہے،خرم دستگیر

مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیرکا کہنا ہے کہ جب پولیٹکل ایجنیرنگ کرنی ہو تو کالعدم تنظیمیوں کے معاملے سے ڈان لیکس بن جاتے ہیں، جب دباو آئے تو پھر یہی قومی سلامتی کا ایجنڈا بن جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف حکومت کی کارروائی سیجندہ نہیں ہے، ہمارے پاس ان تنظیموں کے خلاف شواہد موجود تھے۔

خرم دستگیر نے کہا کہ نیب کے حوالے سے عدالت نے کہا کہ یہ بدنیت ہے، تحریک انصاف کو عدالتوں میں ہر جگہ پسپائی کا سامنا ہے، مسلم لیگ ن کے پانچ سالوں میں کرپشن کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ نیب کی توجہ کرپشن پر نہیں بلکہ سیاسی جماعتوں کی قیادت کو دباو میں رکھنا ہے۔

نہ ہم نے نیب بنایا اورنہ ہی کسی کے خلاف کیسز، ڈاکٹر یاسمین راشد

تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ اگر مسلم لیگ ن کے پاس کالعدم تنظیموں کے خلاف ثبوت تھے تو انہوں نے کارروائی کیوں نہیں کی، ریاست مخالف افراد کے خلاف کارروائی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں ، ہم جنگ نہیں چاہتے اور اسی لیے عمران خان نے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کا اعلان کرکے بڑا اقدام لیا ہے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کو مکمل طورپرختم ہونا چاہیے، ہماری حکومت نے تحریک لبیک کے خلاف کارروائی کی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نیب ہم نے نہیں بنایا، ڈی جی کا انتخاب خود کیا، کیسز بھی ان کے اپنے دور میں بنے، اس میں تحریک انصاف کا کیا کردار ہے۔


متعلقہ خبریں