کرتارپور: پاک بھارت مذاکرات،دہلی کے بجائے امرتسر میں ہوں گے

کرتارپور راہداری: پاک بھارت مذاکرات،دہلی کے بجائے امرتسر میں ہوں گے

فائل:فوٹو


اسلام آباد: کرتارپور راہداری کے مسودے پر پاکستان اور بھارت کے وفود کی ملاقات دہلی کے بجائے امرتسر میں ہوگی۔ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے مقام کی تبدیلی بھارت کی درخواست پر کی گئی ہے۔

ہم نیوز نے انتہائی ذمہ دار سفارتی ذرائع سے بتایا ہے کہ بھارت نے کرتارپور راہداری کے مسودے پر مذاکرات کے لیے مقام تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی۔

ذرائع کے مطابق بھارتی درخواست کے بعد مذاکرات کا مقام نئی دہلی سے اٹاری امرتسر منتقل کردیا گیا ہے۔

پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد اس ضمن میں بھارت سے مذاکرات کرنے کے لیے 14 مارچ کو بھارت پہنچے گا۔ اس دورے کے جواب میں بھارتی وفد 28 مارچ کو پاکستان آئے گا۔

سفارتی ذرائع کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے کرتارپور راہداری کے حوالے سے تیکنیکی سطح پر بھی بات چیت کرنے کی تجویزدی گئی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی میں کمی کے بعد پاکستان نے بھارت میں اپنے ہائی کمشنر کو واپس بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے اس اعلان کے ساتھ ہی کرتارپور راہداری مسودے پر مذاکرات کے لیے بھی پاکستانی وفد 14 مارچ کو بھارت بھجوانے کی تاریخ دی گئی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال پنجاب کی تحصیل شکرگڑھ میں سکھ یاتریوں کے لیے کرتار پور راہداری منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔

منعقدہ تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، بھارتی وفد، گورنر پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب اوردیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات نےشرکت کی تھی۔


متعلقہ خبریں