کرتار پور راہدری معاہدہ، پاکستانی وفد 14مارچ کو بھارت روانہ ہوگا

کرتار پور راہدری، معاہدے کے لئے پاکستانی وفد 14مارچ کو بھارت روانہ ہو گا

فائل فوٹو۔–


ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کرتار پور راہدری پر معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے پاکستانی وفد 14 مارچ کو نئی دہلی روانہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی دفد کے دورے کے بعد  جواب میں بھارتی وفد 28 مارچ کو پاکستان کا دورہ کرے گا۔ ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے دی گئی دعوت پر قائم مقام بھارتی ہائی کمشنر نے آج  وزارت خارجہ کا دورہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کل دہلی روانہ ہو جائیں گے جبکہ کرتا رپور راہدری پر معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے پاکستانی وفد 14 مارچ کو نئی دہلی روانہ ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملٹری آپریشن ڈائریکٹریٹ سطح پر ہفتہ وار روابط بھی جاری رکھے جائیں گے۔

ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کیے گئے اپنے ایک ٹویٹ میں  پاکستانی وفد کی رونگی کا ذکر کیا۔


واضح رہے گزشتہ ماہ فروری کے پہلے ہفتے میں پاکستان کی جانب سے کرتارپور راہداری سے متعلق تجویز کی گئی تاریخ پر بھارت نے مثبت جواب دیا تھا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت نے جواب میں پاکستان کی پیشکش کو خوش آمدید کہا تھا اور مثبت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

گزشتہ برس وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی تحصیل شکرگڑھ میں سکھ یاتریوں کے لیے کرتار پور راہداری منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ جس کی تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سدھو سمیت بھارتی سرکاری وفد، گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیراعلیٰ عثمان بزدار، مختلف ممالک کے سفارت کار اور دیگر لوگ شریک ہوئے تھے۔

اپنے خطاب میں بھارتی وزیر اور سابق کرکٹر نوجوت سدھو نے دونوں ممالک کے درمیان امن برھانے کی بات کی تھی جبکہ بھارتی وزیر ہرسمرت کور نے کہا تھا کہ آج سکھ برادری کے لیے تاریخی دن ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبے ہونے چاہیئے تاکہ خطہ میں امن کو فروغ ملے۔


متعلقہ خبریں