پاکستان کی فضائی حدود جزوی بحال

پاکستان کی فضائی حدود جزوی بحال

فائل فوٹو۔–


اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے جس کا آغاز کراچی کے جناح انٹرینشنل ایئرپورٹ سے کیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے اور اس کا آغاز کراچی کے ائیرپورٹ سے کیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ جناح انٹرینشنل ایئر پورٹ سے کراچی سے مسقط اور دبئی جانے والی پروازوں نے اڑان بھری ہے۔

اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا کہ ابھی جزوی طور پر فضائی حدود بحال کی گئی ہے جبکہ شمال مشرقی اور شمال مغربی فضائی حدود کو مزید کسی بھی ہدایت تک بند رکھا جائے گا۔

واضح رہے آج پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان نے اپنے تمام ائیر پورٹس پر فضائی آپریشن معطل کردیا تھا جبکہ بھارت نے بھی اپنے مختلف ائیر پورٹس پر فضائی آپریشن معطل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتے، سشما سوراج

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستانی حدود میں فضائی آپریشن کل رات تک معطل رہے گا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ، پشاور اور ملتان  سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر  فضائی آپریشن بند کرنے کےاحکامات دیے تھے۔ ملک بھر میں اندرون اور بیرون ملک جانے والی پروازیں روک دی گئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان ریلوے نے بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔ ریلوے حکام نے بھی ملک بھر میں ریلوے پولیس سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

واضح رہے سول ایوی ایشن اتھارٹی  کی جانب سے یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب پاکستانی فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر دو بھارتی طیارے مار گرائے۔

بھارت کی جانب سے گزشتہ دو روز سے سرحدی  علاقوں میں کشیدگی جاری ہے تاہم آج پاکستان نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیارے مار گرائے جس کے بعد دونوں ممالک کے کے مابین صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے۔


متعلقہ خبریں