نیب کو مضبوط کرنے کے لیے ترامیم کریں گے، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات  فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کومضبوط کرنے کے لیے ادارے میں مزید ترامیم کریں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ہی اس میں ترامیم کی جائے گی۔ کوئی یہ نہ سمجھے کے چوروں ڈاکوؤں کو نیب سے کلین چٹ دینے کے لیے ادارے میں ردوبدل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بلاتفریق احتساب ہورہا ہے آپ نے دیکھا کہ پنجاب کے سینئروزیر کو حراست میں لیا گیا۔عوام چاہتی ہے کے بڑے لوگوں کا احتساب ہو اور کرپشن میں ملوث افراد کو ان کے انجام تک پہنچنا چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے الیکشن جیتنے سے  پہلےعوام سے احتساب کا وعدہ کیا تھا جو ضرور پورا کریں گے۔

نعیم الحق سے اختلافات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ نعیم الحق سے میرا گہرا ذاتی تعلق ہے اور میرے لیے قابل عزت ہیں لیکن یہاں بات اختلاف کی نہیں اصول کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کو تبدیل نہیں کیا جارہا، وفاقی وزیر اطلاعات

ان کا کہنا تھا کہ وہ دیکھ رہے ہیں مشاہد اللہ اور مریم نواز ان کے جانے کی خبروں پر بڑی خوشیاں منا رہے ہیں تو انہیںن  بتا دوں کہ میں ہوں یا نہ ہوں کام وہی ہوتا رہے گا جو ہو رہا ہے۔

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فائرنگ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا ہم کشمیر کو ایک آزاد ریاست دیکھنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر فائرنگ ہو یا پلوانہ حملے جیسے الزامات عائد کیے جائیں، پاکستان اور پاکستانی فوج بڑے تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے پوری دنیا ہمارا رویہ  دیکھ  کر ہمارے ساتھ ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مودی سرکار کو چاہیے وہ اپنے ملک میں الیکشن اپنی کارکردگی  پر لڑیں اور پاکستان کے ساتھ جنگ کا محاذ بنا الیکشن میں نہ  جایئں۔

استعفیٰ اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، کسی سے کوئی مسئلہ نہیں۔


متعلقہ خبریں