بھارت شواہد دے، ہم فوری کارروائی کریں گے: وزیراعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امن کو ایک اور موقع دیں۔

 

وزیراعظم نے اپنے ردعمل میں کہا کہ میں اپنے بیان پر قائم ہوں، اگر بھارت قابل عمل شواہد دے تو ہم فوری طور پر  کارروائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ بھارت میں انتخابات کے باعث امن پر بات نہیں ہورہی ہے، مودی سے 2015 میں ملاقات میں اتفاق ہواتھا کہ خطے سےغربت کا خاتمہ ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پلواما سے پہلے ہی بدقسمتی سے 2018 میں یہ کوششیں ضائع ہوگئیں، ہمیں کسی بھی دہشت گردانہ واقعے سے امن کی کوششوں کوسبوتاژ نہیں ہونے دینا چاہیے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھارتی ریاست راجھستان میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد غربت مٹانے اور دہشت گردی کے خاتمے کی بات کی تھی، پاکستانی وزیراعظم وعدہ نبھائیں اور قدم بڑھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب عمران خان پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے تو میں نے اُن کو مبارک باد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان کو کہا کہ ہمیں مل کر غربت اور ناخواندگی سے لڑنا چاہیے جس پر ان کا کہنا تھا کہ وہ پٹھان کے بیٹے ہیں اپنی بات پر قائم رہیں گے، اب یہی وقت ہے کہ عمران خان اپنے کہے الفاظ پر پورا اُتریں۔

وزیر اعظم عمران خان کے نریندر مودی کے بیان پر ردعمل کے حوالے سے تجزیہ کار بریگیڈ یئر(ر) شاہد جاگیر نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے  کہا کہ نریندر مودی کے بیان پر وزیراعظم عمران خان کا ردعمل انتہائی پختہ اور جامع تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کو پلوامہ حملے کے پیچھے اصل عوامل کے بارے میں سوچنا چاہیئے،کشمیر میں آئے روز بھارتی فوج قتل و غارت کر رہی ہے اگر ان عوامل کا سدباب نہیں کیا گیا تو ایسے حملے ہوتے رہیں گے۔

تجزیہ کار بریگیڈ یئر(ر) حارث نواز نے کہا کہ جس طرح بھارتی فوج کشمیروں پر ظلم ڈھا رہی ہے، اسی طرح کشمیری پاکستانی کی طرف آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی عوام سمجھتے ہیں کہ نریندر مودی اور بے جی پی اگلے الیکشن میں کامیابی کے لئے پاکستان مخالف سیاست کر رہے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں