نئی دہلی: بھارت کی طرف سے پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگانے سے انکارکرنے پربھارتی ٹی وی سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن نے نوجوت سنگھ سدھو کو شو سے ہی الگ کردیا ہے۔
سابق کرکٹر اور کامیڈین نوجوت سنگھ سدھو نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر بغیرتحقیقات کے الزام لگانے والوں میں شامل ہونے سے انکارکرتے ہوئے کہا تھا کہ تشدد قابل مذمت ہے اور ایسا کرنے والوں کو سزا ملنی چاہئیے۔
نوجوت سنگھ سدھوکے اس بیان پر بھارت میں انتہاپسند بپھرگئے اور ان پر بے تحاشا تنقید کی اورسونی انٹرٹینمنٹ کی انتظامیہ پردباو ڈالا کہ انہیں اپنے شوسے الگ کریں۔ اس پر انتظامیہ نے انتہا پسندوں کے سامنے گھٹںے ٹیکتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو کو کپل شرما شو سےنکال دیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان دشمنی کے بجائے امن اور دوستی کی بات کرنے والےسابق کھلاڑی کو بھارت میں تنقید کا پہلی بار سامنا نہیں کرنا پڑا ہے بلکہ اس سے قبل جب انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری اور کرتارپورراہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی تب بھی انہیں ایسے ہی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کرتارپورراہداری کو کھولنے پر سدھو نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے اسے پوری دنیا کے سکھوں کے لئے اچھی خبر قرار دیا تھا لیکن انتہا پسندوں نے بھارت کے کئی شہروں میں تب بھی ان کے خلاف مظاہرے کئے تھے۔