سعودی ولی عہد کی آمد، اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان

سعودی ولی عہد کی آمد، اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کے موقع پر 18 فروری کو اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کی جانب سے اسلام آباد کی سطح پر عام تعطیل کے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 18 فروری کو اسکول، کالج، آفس سمیت دیگر ادارے بند رہیں گے۔ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیاہے کہ ضروری سروسز کے اداروں  ایم سی آئی، آئیسکو، سوئی ناردرن گیس کمپنی لمیٹڈ ،وفاقی پولیس اور اسپتالوں کے عملے کو چھٹی  نہیں ہوگی ۔

فوٹو: ہم نیوز

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے مقامی چھٹی کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک سروے بھی کرایا گیا جس میں زیادہ تر لوگوں نے چھٹی کے حق میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔


شہریوں کی آسانی کے لیے فیصلے بھی ان کی مرضی سے ہونے لگے۔ سعودی ولی عہد کی آمد کے موقع پرسیکیورٹی خدشات کے باعث ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے سوشل میڈیا پر چھٹی کے لیے پول کرایا گیا۔

سعودی ولی عہد 17 اور 18 فروری کو پاکستان کا دورہ کرینگے، دفتر خارجہ

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد نے رات گئے ٹویٹر پر عوام سے پیر کو چھٹی کی رائے مانگی۔ ڈی سی نے ٹوئٹ کیا کہ عوام پیر کو مقامی چھٹی کرنا چاہتے ہیں یا عام دنوں کی طرح کام کرنا چاہتے ہیں ؟

ڈی سی کے ٹوئٹ پر 14 گھنٹوں میں 58 فیصد شہریوں نے مقامی چھٹی کی رائے دی جب کہ 42 فیصد شہریوں نے عام دنوں کی طرح کام کو ترجیح دی۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر ضلعی انتظامیہ نے عوامی رائے پر چھٹی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی رائے اس لیے لی کہ سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے انہیں کم سے کم تکیف ہو۔

ادھر پراائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن اسلام آباد  نے بھی  18فروری کو عام تعطیل کا اعلان کردیاہے۔ ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ اس اقدام کا مقصد بچوں اور والدین کو تکلیف سے بچانا ہے۔