کثیر الجہتی پاک امریکہ تعلقات ناگزیر ہیں۔ شاہ محمود قریشی

متنازع قانون نے بھارت میں آئینی بحران کو جنم دیا ہے، شاہ محمودقریشی

میونخ: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پاکستان اور امریکہ نے ہمیشہ مل کر امن واستحکام کے لئے کاوش کی ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے کثیر الجہتی پاک امریکہ تعلقات ناگزیر ہیں۔

وہ گلوبل سیکیورٹی کانفرنس کے دوران امریکی قانون سازوں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے بات چیت کررہے تھے۔وفد کی قیادت ری پبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم کررہے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق امریکی قانون سازوں کا وفد آٹھ سینیٹرز اوردس کانگریس مینوں پر مشتمل تھا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے امریکی کوششوں کی پاکستان حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ افغانستان کے پرامن حل کے لیے ہم سہولت کار کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

پاکستان کے وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان میں امن افغانستان میں قیام امن سے مشروط ہے۔

ہم نیوز کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین دیرپا اسٹریٹیجک شراکت داری دونوں ممالک کے یکساں مفاد میں ہے۔

امریکی قانون سازوں کے وفد کے سربراہ سینیٹر لنڈسے گراہم نے  پاکستان اور امریکہ کے مابین آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کے قیام پر زور دیا۔

جنوری 2019 میں امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے افواج پاکستان کی کاوش کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک فوج نے اٹھارہ ماہ میں جو کام کیا ہے وہ امریکہ کی اٹھارہ سال سے خواہش تھی۔

سینیٹر لنڈسے گراہم نے اعتراف کیا تھا کہ امریکہ کی یہ غلطی ہے کہ پاکستان کے لیے پالیسی بار بار تبدیل کرتا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ  [لو اور دو‘ کے اصول کے تحت تعلقات غلط ہیں۔

پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے میونخ ہی میں ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ پلوامہ واقع کے خلاف بھارت کے اندر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک کے پاس واقع سے متعلق شواہد ہیں تووہ  فراہم کرے ہم تحقیقات کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پلوامہ واقع پر بھارت سے مکمل تعاون کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بگاڑ نہیں امن چاہتے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک قوم ہے اور بھارت ہمیں مرعوب نہیں کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان بھرپور طریقے سے اپنا دفاع کرنا جانتا ہے اور کرسکتا ہے۔

مخدوم شاہ محمو د قریشی نے واضح کیا کہ ہمارا ایجنڈا بھارت کو نیچا دکھانا نہیں ہے لیکن ہم بھارت فوبیا کا شکار بھی نہیں ہیں۔

 


متعلقہ خبریں