لاہور: قومی احتساب بیورو(نیب) نے فواد حسن فواد کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات میں ریفرنس چیئرمین نیب کو بھجوا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ضمنی ریفرنس احتساب عدالت میں فائل کیا جائے گا۔
نیب نے اپنے ریفرنس میں لکھا ہے کہ انوسٹی گیشن کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے، ملزم نے 8 کنال کا پلاٹ صدر کینٹ روالپنڈی میں رکھا ہے۔
فواد حسن کا 15 منزلہ کمرشل شاپنگ مال جسکی مالیت 100 کروڑ سے زائد ہے، فواد حسن فواد کا 5 کنال پر مشتمل پلاٹ حیدر روڈ روالپنڈی میں واقع ہے، فواد حسن فواد دوران تفتیش 1 ارب سے زائد کے اثاثہ کے حوالے سے مطمن نہیں کر سکے، کامران کیانی اور جہانگیر صدیقی کے بینک اکاونٹس کے منتقل ہونے والی رقم کی تفصیلات بھی ریفرینس میں شامل کی گئیں ہیں۔
ریفرنس کے متن میں شامل ہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق رباب حسن،انجم حسن اور وقار حسن سے تفتیش کی گئی، نیب نے فواد حسن فواد کے قریبی رفقا کے 14 بینک اکاونٹس سے متعلق تفتیش کی۔ فواد حسن فواد اور ان کے رشتہ داروں کے 14بینک اکاؤنٹس میں ایک ہزار ملین سے زائد رقم موجود ہے۔
نیب کا کہنا ہے کہ فوادحسن فواد کا 29 اپریل 1990 سے 20 نومبر 2015 تک کی تقرریوں کا ریکارڈ بھی حاصل کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے۔