معاشی استحکام کی کوشش، وزیراعظم کی آئی ایم ایف چیف سے ملاقات



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر  کرسٹین لیگارڈ نے دبئی میں ملاقات کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران نے بتایا کہ کرسٹینا لیگارڈ نے دوران ملاقات میری باتوں سے اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر لانے کے لیے اصلاحات کی ضرورت پر دونوں کے خیالات میں مماثلت تھی، دونوں نے معاشرے کے غریب لوگوں کو تحفظ دینے پر اتفاق کیا۔

آئی ایم ایف کے بیل آوٹ پیکج پر معاہدے میں پیشرفت نہیں ہوئی ہے، رائٹرز کا دعویٰ

وزیراعظم عمران خان سے  آئی ایم ایف کی مینجینگ ڈائریکٹر کرسٹینا لیگارڈ کی ملاقات  کے حوالے سے بین الاقوامی خبررساں ادارے رائٹرز نے دعوی کیا ہے کہ  ملاقات میں آئی ایم ایف کے بیل آوٹ پیکج پر معاہدے میں پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق کرسٹیانہ لیگارڈ نے کہا ہے کہ  آئی ایم ایف پاکستان کی  مدد کو تیار ہے، عمران کو بتایا  ہے کہ موثر پالیسیز اور معاشی اصلاحات کا مضبوط پیکج پاکستان کی معیشت بہتر بنا سکتا ہے۔

کرسٹیانہ لیگارڈ نے کہا ہے کہ پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لئے مذاکرات جاری رہیں گے، اسی طرح مضبوط معاشی پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

یاد رہے وزیر اعظم عمران خان اس وقت ورلڈ گورنمنٹ سمٹ  کے سلسلے میں دبئی میں موجود ہیں۔اپنے دورے کے دوران انہوں نے ابو ظہبی کے ولی عہد اور لبنان کے وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اورابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد زید بن الیہنان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ اموراور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماوں نے کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پربھی بات چیت کی۔رہنماؤں کی ون آن ون ملاقات تقریبا 30 منٹ جاری رہی۔

اس سے قبل ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے  وزیراعظم پاکستان کا خصوصی طورپر استقبال کیا۔

ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان سے لبنان کے وزیراعظم سعد الدین رفیق الحریری نے بھی ملاقا ت کی۔

وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ اسد عمر، وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری، وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی ، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار بخاری اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین بھی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے یو اے ای کے وزیراعظم شیخ راشد المکتوم کی دعوت پردورہ کیا اور ساتویں عالمی حکومتی اجلاس سے خطاب کیا۔

 

 


متعلقہ خبریں