شیخ رشید عمران خان کو بلیک میل کر رہے ہیں، نبیل گبول



اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نبیل گبول نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید پر وزیراعظم عمران خان کو بلیک میل کرنے کا الزام عائد کردیا۔

پروگرام ’نیوزلائن‘ میں میزبان ڈاکٹرماریہ ذوالفقار سے گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول کا کہنا تھا کہ یہ بات ڈھکی چھپی نہیں کہ اتحادی اور تحریک انصاف کے اپنے لوگ عمران خان کو بلیک میل کررہے ہیں اور وہ ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید ایک نشست رکھتے ہیں لیکن وہ بھی عمران خان کو بلیک میل کررہے ہیں، ہمارے علم میں ہے وہ کس کے کہنے پر یہ کررہے ہیں۔

نبیل گبول نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بہت ساری چیزوں کے لیے سمجھوتہ کرلیا ہے، عوام سے تبدیلی کا وعدہ کیا گیا لیکن ایسا کچھ نہیں ہورہا جس کا عمران خان نے عوام سے وعدہ کیا ہے.

ان کا کہنا تھا کہ تحریک التواء پر کسی کو معطل یا برخاست نہیں کیا جاسکتا، اگر یہ کام شروع ہوگیا تو ملک میں کوئی ادارہ نہیں چل سکے گا، حکومت کو اپوزیشن کام نہیں کرنے دے گی۔

گزشتہ حکومت کے مسائل سے ملک کو نکال رہے ہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد

تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسیمن راشد نے کہا کہ حکومت نے بے نظیربھٹو اسپتال کے ایم ایس کے فیصلے کو تبدیل نہیں کیا، اپوزیشن نے اسمبلی میں کہا کہ سیاسی مخالف کی بیٹی کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹرطارق نیازی نے ریکارڈنگ کرکے غلط کام کیا، وائس چانسلر کے سامنے انہوں نے ریکارڈنگ پھیلانے سے انکار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر کی مداخلت سے متعلق رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوادی ہے، گزشتہ حکومت کے اربوں روپے کے چیک ڈس آنر ہوئے، ہم ابھی تک ان ہی مسائل سے محکمہ صحت کونکال رہے ہیں۔

حکومتی فیصلوں نے بیوروکریسی کو خوفزدہ کردیا ہے,رانا افضل

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا افضل نے کہا کہ عمران خان نے ووٹ لینے کے لیے اور وعدے کیے لیکن اب کر کچھ اور رہے ہیں، حکومت بنا کر انہوں نے لوگوں کو بے وقوف بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تحریک التواء کو بہانہ بنایا ہے، اصل میں حکومتی وزیر نے جو دھمکی تھی اس پرعمل ہوا ہے۔ وزیر نے صرف دھمکی نہیں دی بلکہ گالی بھی دی،اس معاملے میں ان کی غلطی ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ حکومتی کچھ فیصلوں نے بیوروکریسی کو خوفزدہ کردیا ہے اور اب وہ کام نہیں کررہے ہیں۔

ڈاکٹرطارق نیازی نے کہا کہ مجھے محکمے کی طرف سے کوئی شوکاز نوٹس نہیں ملا، صرف واٹس ایپ پر معطلی سے آگاہ کیا گیا ہے۔

سائبرقانون ماہر نگہت داد نے بتایا کہ اگرکوئی کسی کی ارادتاً شہرت خراب کرتا ہے تو اس پرسزاہوتی ہے لیکن اگر اپنے تحفظ یا غلط رویے کو ظاہر کرنے کے لیے کوئی ایسا کرتا ہے تو قانون میں اس کے لیے رعایت موجود ہے۔


متعلقہ خبریں