بہاولپور: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے عوام سڑکوں پہ نکل کر حکومت کو گھر بھیجتی نظر آرہی ہے، تحریک عدم اعتماد مشکل قدم اور آخری راستہ ہے، مڈٹرم انتخابات حکومت ہی کرواسکتی ہے۔
ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر پاکستان تحریک انصاف کے وزیر جھوٹ بولتے ہیں اور دھمکیاں دیتے ہیں، ایسی سیاست زیادہ دیر نہیں چل سکتی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ پانچ سال میں ہمارے کسی وزیر یا وزیراعظم نے عوام سے جھوٹ نہیں بولا اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
شاہد خاقان عباسی نے خبردار کیا کہ معیشت میں اضافہ نہیں ہوگا تو قرضے لینے پڑیں گے جس سے مہنگائی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی 4.4 فیصد سے بڑھ کر سات فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کا پہیہ چھ فیصد سے کم ہو کر چار فیصد پرآگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کے اخراجات میں 63 فیصد تک اضافہ کرنا حکومتی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حالات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے لیکن وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے وزرا کی حالت، قابلیت اور اختیارات سب کے سامنے ہیں۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف انتقامی سیاست چھوڑ کر ملکی سیاست پر توجہ دے تو حالات بہتر ہوسکتے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما نے مشورہ دیا کہ حکومتی وزرا کو جھوٹ بولنے اور متضاد بیانات دینے کے بجائے ذمہ داری سے بات کرنی چاہیے۔