ہاؤسنگ فنانس کے ضمن میں بینکوں کو مراعات دینے کا فیصلہ


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 50 لاکھ  گھروں کی تعمیر کے پراجیکٹ سے نہ صرف کم آمدنی والے افراد کو گھر کی سہولت میسر آئے گی بلکہ معیشت کا پہیہ چلے گا اور نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع بھی مہیا ہوں گے۔

وہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے صدارتی خطاب کررہے تھے۔

اجلاس میں وفاقی وزیرِ خزانہ اسد عمر، سینئر وزیرپنجاب علیم خان، معاون خصوصی نعیم الحق، معاون خصوصی افتخار درانی، ضیغم رضوی، یعقوب اظہار، گورنراسٹیٹ بنک طارق باجوہ اور سیکریٹری ہاؤسنگ ڈاکٹرعمران زیب سمیت دیگر نے شرکت کی۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت خزانہ اوراسٹیٹ بینک کی جانب سے ہاؤسنگ فنانس کے ضمن میں بینکوں کو مراعات دی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق اس کا مقصد کم آمدنی والے افراد کو بینکوں کی جانب سے آسان قرضوں کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام سے استفادہ کرسکیں۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کے اعلان کردہ ’نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام‘ کے حوالے سے کم آمدنی والے افراد کو کمرشل بینکوں کی جانب سے فنانسنگ کے حصول سے متعلقہ امور پر تفصیلی غورو خوص کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو اس ضمن میں بریفنگ بھی دی گئی۔

ذمہ دارذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت دی کہ کم آمدنی والے افراد کے لیے اپنے ذاتی گھروں کے حصول کے خواب کو ممکن بنانے کے لیے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے یہ ہدایت بھی دی کہ فورکلوژر اور ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قوانین کو جلد از جل پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزارتِ خزانہ اوراسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بینکوں کو دی جانے والی مراعات کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں