حکومت نے اتحادیوں کے تحفظات دور کر دیے


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی جانب سے اپنے دو اتحادیوں کے تحفظات دور کر دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا خصوصی پیغام وزیر اعظم تک پہنچایا تھا جس کے بعد عمران خان کی جانب سے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ چوہدری شجاعت حسین نے وزیر اعظم کی یقین دہانی کو تسلیم کر لیا ہے۔

اس کے علاوہ صوبائی وزیر کے استعفے کا معاملہ اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی دیکھیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بلوچ نیشنل پارٹی (بی این پی مینگل) کے چھ نکات پرعملدرآمد کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

لاپتہ افراد کے معاملے پر بی این پی مینگل کے تین رکنی وفد کی آرمی چیف آف پاکستان جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کرائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق آرمی چیف بی این پی مینگل کے وفد کو لاپتہ افراد کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔ آرمی چیف سے اختر مینگل کی ملاقات کی تجویز وزیر اعظم نے خود دی تھی۔


متعلقہ خبریں