پولیس اصلاحات سے متعلق کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے، مرتضیٰ وہاب


کراچی: مشیراطلاعات سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ساہیوال میں پیش آنے والا واقعہ افسوس ناک ہے۔ پولیس اسکروٹنی کا نظام نہیں ہوگا تو ایسے واقعات ہوتے رہیں گے۔

سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ساہیوال واقعے میں ملوث افراد کو سزا ضرور ملنی چاہیئے۔

محکمہ پولیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس کا احتساب ہوناچاہیے اور پولیس اصلاحات سے متعلق کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی کے مطابق جیلوں اور پولیس کے حوالے سے جدید قانون سازی کی جارہی ہے تا کہ ان میں بہتری لائی جا سکے۔ جیل میں نئے کچن بنانے کا مقصد قیدیوں کو سہولت فراہم کونا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے سیکشن 26 میں ترمیم کی ہے پہلےمیئر، ڈپٹی میئر اور دیگر کا استعفیٰ کونسل کوبھیجا جاتا تھا  لیکن ترمیم کے بعد استعفیٰ ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کو بھیجاجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ متروکہ املاک کی ملکیت کے حوالے سے بورڈ بنا دیا گیا ہے جس کا مقصد پاکستان میں موجود اقلیتوں کو ان کا حق دینا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ  تمام اضافی سرکاری گاڑیوں کو نیلام کیا جا رہا ہے۔ یہ عمل 2 ہفتےمیں مکمل کر لیا جائے گا۔

کراچی میں بجلی کی صورت حال کے حوالے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوری آباد پاور کمپنی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے ہیں تاکہ کراچی میں بجلی کی فراہمی جاری رہے۔


متعلقہ خبریں