راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امید کا اظہار کیا ہے کہ افغانستان کے سفیرشکراللہ عاطف مشال دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر)کے مطابق افغان سفیر شکراللہ عاطف مشال نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور افغان سفیر کے درمیان افغان امن عمل اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے افغانستان کے نئے سفیر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے اس امید کا اظہارکیا کہ انکی خدمات دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کوبہتر بنانے مددگار ثابت ہوں گے۔
عاطف مشال سابق سفیرعمرزاخیل وال کی جگہ نئے آںے والے سفیرعاطف مشال نے 26 دسمبر کو صدر عارف علوی کو اپنی تقرری کی اسناد پیش کی تھیں۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ہونے والی یہ انکی پہلی ملاقات ہے۔
پاکستان میں افغانستان سے آنے والے نئے سفیر عاطف مشال اس سے قبل افغان کرکٹ بورڈ کے سربراہ تھے۔
واضح رہے کہ امریکہ کی خواہش پرافغانستان میں قیام امن کی کوششیں جاری ہیں جس میں پاکستان کی جانب سے بھرپور کردار ادا کیا جارہا ہے۔ اسی سلسلے میں آٹھ جنوری کو افغان صدر اشرف غنی کے نمائندہ خصوصی عمرداؤد زئی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اعلی حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔