آصف زرداری، فریال تالپور کی ضمانت میں 23 جنوری تک توسیع

فائل فوٹو


کراچی: بینکنگ کورٹ کراچی نےسندھ میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اوران کی ہمشیرہ فریال تالپورکی ضمانت قبل از گرفتاری میں 23 جنوری تک توسیع کردی ہے۔

کیس کی سماعت کے دوران آصف زرداری اور فریال تالپور الگ الگ پیش ہوئے۔ ملزمان کے وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ایف آئی اے کو حتمی چالان جمع کرانے کا حکم دیا جائے جس پر عدالت کی جانب سے جواب دیا گیا کہ ہمیں تو سپریم کورٹ نے روک رکھا ہے، اس کی اجازت کے بغیر ہم مزید کارروائی نہیں کرسکتے۔

انور مجید کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی، اس موقع پر انور مجید کے بیٹے بھی عدالت میں موجود تھے۔

ضمانت پر رہا سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور کی ضمانت کا آج آخری دن تھا۔

ملزمان پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ کیس میں آصف علی زرداری، فریال تالپور نےعبوری ضمانت لے رکھی ہے۔ اسکے علاوہ انور مجید کے بیٹے نمر مجید، ذوالقرنین اور علی مجید، ملک ریاض کے داماد زین ملک بھی عبوری ضمانت پر ہیں۔

جعلی اکاونٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا گرفتار ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ حکومت کی بدنیتی تھی کہ پاسپورٹ جمع ہونے کے باوجود نام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔ اگر کوئی پیشی پر نہیں آتا پھراسکانام ای سی ایل میں شامل کیا جاتا۔

 


متعلقہ خبریں