اسلام آباد: پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے لیکن بھارت کی جانب سے آنے والے بیانات انتخابات سے قبل سیاسی حربہ ہیں۔
بھارتی وزیراعظم مودی کے پاکستان مخالف بیان پر دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں انتخابات ہیں اور پاکستان مخالف بیانات سیاسی قیادت کا سیاسی حربہ ہے۔ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے اور پاکستان نے امن کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ہی مودی حکومت کو خط لکھا۔ایسے بیانات سے مسائل حل نہیں ہوتے۔
واضح رہے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پاکستان مخالف بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان صرف ایک لڑائی سے نہیں درست ہوسکتا بلکہ اس کے سدھار کے لیے بہت وقت چاہیے۔
مودی نے یہ بھی کہا کہ بھارتی حکومت پاکستان پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے مختلف حکمت عملیوںپر غور کررہی ہے اور وہ سرجیکل اسٹرائیک یا کوئی اور بڑے پیمانے کی کارروائی ہوسکتی ہے۔