اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہ لینے پر سزا ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین کو گرفتار نہیں کیا جا رہا جبکہ ہمارے خلاف وزیر اعظم عمران خان انتقامی حربے استعمال کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں ن لیگی رہنماؤں مشاہد حسین سید، سینیٹر مشاہد اللہ، محمد زبیر، مریم اورنگزیب اور رانا ثناء اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت نے میاں نواز شریف کے خلاف جو فیصلے دیئے، ان میں کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو دوران تفتیش گرفتار کر لیا جاتا ہے، یاد رکھیے تحریک انصاف کا حشر ق لیگ جیسا ہوگا، انتقامی کارروائیوں سے ن لیگ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی بیرون ملک سے والدین کو رقم بھیجتے ہیں مگر نوازشریف پربیٹے سے رقم لینا جرم بن گیا۔
پی ٹی آئی حکومت دوہرااحتساب کر رہی ہے،ن لیگی ارکان کو گرفتاراورعدالتوں کا سامنا کرناپڑرہا ہے،تحریک انصاف رہنماوَں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت وینٹی لیٹرکےسہارے زندہ ہے،انہیں پاکستان پر مسلط کرنےکی کوشش کی جارہی ہے۔ حکومت کے ان ہتھکنڈوں سے ان کا اقتدارمضبوط نہیں ہو گا۔انتقامی کارروائیوں سےن لیگ کی مقبولیت پرفرق نہیں پڑےگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے عوام پرمہنگائی مسلط کردی گئی ہے، نوازشریف نے پاکستان کی معیشت اورتوانائی کو بحال کیا، انہوں نے ملک کو دہشت گردی سے نجات دلائی، مسلم لیگ (ن) انصاف کے لئے قانونی جنگ لڑتی رہے گی۔
’وزیراعظم کو علیمہ خان کیس پر مثال قائم کرنی چاہیئے تھی‘
سابق گورنر سندھ محمد زبیر عمر نے کہا کہ وزیر اعظم کو اپنے لوگوں پر ہاتھ ڈالنا چاہیئے کہ کیسے تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اتنی جائیدادیں بنائیں۔ علیمہ خان کا کیس کیوں ختم کیا گیا؟ وزیر اعظم عمران خان کو اس کیس میں مثال قائم کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا عمران خان کو چاہیئے کہ وہ پشاور میٹرو بس پروجیکٹ کی تحقیقات کرائیں، اگر وہ احتساب چاہتے ہیں تو اپنے لوگوں پر بھی ہاتھ ڈالیں، پی ٹی آئی کے کئی ارکان نے آف شور کمپنیوں کا اعتراف کیا ہے۔
زبیر عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان کےساتھ بھی نوازشریف والا رویہ رکھا جائے، حکومت پشاوربی آرٹی منصوبے کا بھی آڈٹ کا بھی کرائے، بی آرٹی منصوبے میں تاخیر کی وجہ بتائی جائے، بابر اعوان نیب ریفرنس کےباوجود باہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہا کرتے تھے کہ پرویزالہٰی پنجاب کے ڈاکو ہیں، اب بتائیں پرویزالہٰی نے کون سا ڈاکا ڈالا، وزیر اعظم ریاست مدینہ کے لیے پہلےاپنے کرپٹ لوگوں پر ہاتھ ڈالیں۔
حکومت کرپشن کے خلاف نہیں بلکہ اسکے حق میں ہے، مشاہد حسین
لیگی رہنما مشاہد حسین سید نے کہا کہ ایک پنڈی کا شیطان ہے اور جہلم کا ڈبو پہلوان یہ لوگ گندی زبان استعمال کرتے ہیں۔موجودہ حکومت کرپشن کے خلاف نہیں بلکہ کرپشن کے حق میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کو اقتدار میں صرف لا کر بٹھا دیا گیا ہے۔ بلدیاتی الیکشن میں 22 نشستوں میں سے تحریک انصاف نے محض ایک نشست حاصل کی، موجودہ حکومت کرپشن کے خلاف نہیں بلکہ حق میں ہے، دیگرصوبوں میں کرپشن کےخلاف کارروائی ہوتی ہے، خیبر پختون خوامیں احتساب کمیشن ختم کردیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی بندہ ہے جو لندن میں بیٹھا ہو اور اہلیہ کو چھوڑ کر بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر ملک میں جیل چلا جائے، نواز شریف ایسا لیڈر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے سی پیک، گوادر اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پر لگایا اس کی یہی سزا دی جائے گی، نوازشریف نے ملک سے اندھیرے ختم کیے۔
مفروضوں پر نواز شریف کا سزا سنائی گئی، رانا ثنا اللہ
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف عدالتی فیصلے پرتحفظات کا اظہار کرنا ہماراحق ہے،کچھ مفروضوں پر نواز شریف کا سزا سنائی گئی،ایک کیس میں قطری حلال ور دوسرے کیس میں حرام ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے فیصلہ کیا ہے اور عدالت سے ہی ریلیف ملے گا،مسلم لیگ ن کے لئے یہ نئی چیز نہیں ہے،1999 میں بھی مسلم لیگ نے کے ساتھ ایسا برتاؤ رکھا گیا، نیب عدالت کےفیصلےپرتحفظات کااظہارکرناہماراحق ہے،ماضی میں بھی ایسے احتساب کا سامنا کرتے رہے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا نوازشریف نے165دن پیش ہوکرعدالت کا احترام کیا،حکومت کے وزرا نیب کے ترجمان بن کر بات کرر ہےہیں، حکومتی وزراء نے ان اداروں کو بدنام کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک پنڈی کا شیطان ہے جو نیب اور عدلیہ کا ترجمان بنا ہوا ہے، تین روز سے ہم یہ کہ رہے تھے عدالت یہ فیصلہ کرے گی ایک میں بری اور دوسرے کیس میں سزا دی جائے گی،ان وزراء کو کون یہ فیصلے پہلے بتا دیتا ہے۔