پی پی پی، ن لیگ میں ’چارٹر آف کرپشن‘ پر دستخط ہوچکا ہے، فواد چوہدری

وزیر اطلاعات پریس کانفرس کرتے ہوئے



اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان اس وقت ذہنی دباوَکا شکار ہیں، احسن اقبال کے بیانات سے حیرت ہوئی، احسن اقبال بھول گئے کہ پاکستان پر ن لیگ کوکس نے مسلط کیا، ان کے چہرے بتارہے تھے یہ جھوٹ بول رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل میں تحریک انصاف کے وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر اور سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ارکان اس وقت ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ یہ لوگ یاد کریں کہ انہیں پاکستان پر کس نے مسلط کیا تھا، احسن اقبال دباﺅ میں ہیں، اس لیے ذاتی حملے کیے ہیں اور جب بندہ غصے میں ہو تو ایسی باتیں کرتا ہی ہے، ہم ذاتی حملوں کونظرانداز کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نوازشریف نے 2001 میں ایک کروڑ سےزائد اثاثے ظاہرکیے ہیں، بیرون ملک پاکستانی دن رات محنت کرکے رقم بھیجتے ہیں۔ ان لوگوں نے اپنے نواز شریف کے بیٹوں کی کمائی کو عام پاکستانی جو باہر سے رقم بھجتے ہیں ان کے ساتھ موازنہ کیا جو کہ سراسر شرمناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا کاروبار لوگوں کا پیسہ کھانا تھا، ایک گلی کی نالی پکے کرنے کے ٹھیکے سے لیکر بڑے ٹھیکوں تک ان لوگوں نے کمیشن کھایا، یہ لوگ عدالت میں اپنی کمائی کی منی ٹریل ثابت نہیں کر سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم احتساب کے مینڈیٹ لے کرحکومت میں آئے ہیں، ہم نے چوروں کو پکڑنا ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان چارٹر آف کرپشن پر دستخط ہو چکے ہیں۔ ان دونوں پارٹیز نے کرپشن کو جمہوریت کا نام دیا ہوا ہے۔ اگر ان کی کرپشن کا تذکرہ کیا جائے تو یہ لوگ کہتے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے۔

’علیمہ خان نے منی ٹریل سپریم کورٹ میں ثابت کی‘

وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر نے کہا کہ علیمہ خان نے کبھی عوامی عہدہ نہیں رکھا، انہوں نے منی ٹریل سپریم کورٹ میں ثابت کی ہے، اگر وہ منی ٹریل ثابت نہیں کر پاتی تو ان کا بھی یہی حال ہوتا جو نواز شریف کا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کرپشن کی وجہ سے ملک میں معاشی بحران پیدا ہوا ہے، لوٹ مار کے پیسے کے باعث ہمارا روپیہ کمزور پوتا ہے، یہ لوگ کرپشن کا پیسہ باہر بھیجتے ہیں اور وہاں جائیدادیں خریدتے ہیں، اگر ہماری صفوں میں سے کوئی چور نکلا تو ہم خود اسے نیب کے حوالے کریں گے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں وزرا کو میرٹ کی بنیاد پر نہیں وفاداریوں کی بنیادوں پر وزارتیں دی گئی تاکہ ان کے لئے کرپشن کرنا آسان ہو۔ یہ لوگ کرپشن کا پیسہ باہر بھیجتے ہیں جس سے ملک کی بدنامی ہوئی ہے، عوام پر جو وسائل خرچ کرنے تھے ان لوگوں نے اس سے اپنی جائیدادیں بنائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی لوٹ مار کا اثر غریب لوگوں پر پڑتا ہے، سیاست میں ایک کلچر بن چکا ہے کہ اگر کاروبار کرنا ہے تو سیاست میں آجاوٗ، اگر ہم نے پاکستان کا مستقبل روشن کرنا ہے تو جس نے کرپشن کی ہے اسے جواب دینا ہو گا۔ احتساب کے عمل کو جاری رکھنا ہو گا۔


متعلقہ خبریں